یوپی کی کامیابی کا گجرات میں فائدہ اُٹھائیں گے : بی جے پی

لکھنؤ 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی یوپی کے بلدی چناؤ میں اپنے مظاہرے کا فائدہ گجرات میں اُٹھانے کوشاں ہے جس کے لئے نومنتخب میئرس کی خدمات سے اسمبلی چناؤ والی ریاست میں انتخابی مہم میں استفادہ کیا جائے گا۔ بی جے پی نے یوپی کے بلدی انتخابات میں میئر کے 16 نشستوں میں سے 14 جیتے اور تمام نومنتخب قائدین کل وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے اُن کا آشیرواد حاصل کریں گے۔ اِس کے بعد وہ گجرات کے لئے روانہ ہوں گے جہاں 9 اور 14 ڈسمبر کو مقررہ اسمبلی پولنگ کے لئے مہم چلائیں گے۔ بی جے پی اسٹیٹ جنرل سکریٹری وجئے بہادر پاٹھک نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ نومنتخب میئرس سے پارٹی گجرات میں کام لے گی۔ امیتھی نگر پنچایت چیرپرسن چندراما دیوی اور جائس نگر پالیکا پریشد مہیش پرتاپ کل وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں شامل ہوں گے۔ کانگریس نے اگرچہ امیتھی میں کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا تھا لیکن وہاں بی جے پی امیدوار کی کامیابی کو کانگریس لیڈر راہول گاندھی کے لئے جھٹکہ سمجھا جارہا ہے۔