یوپی کی مندر میں 2 سادھوؤں کا قتل

اَوریا میں تشدد ، آتشزنی ، توڑ پھوٹ اور سنگباری کے واقعات
لکھنؤ۔ 15 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اُترپردیش کے ضلع اَوریا کے علاقہ بدایوں میں ایک مندر کے اندر 2 سادھوؤں کو چھرا گھونپ کر ہلاک کردیا گیا۔ تیسرا سادھو شدید زخمی ہوگیا۔ اس کی وجہ سے علاقہ میں تشدد بھڑک اُٹھا۔ ان ہلاکتوں پر برہم ہجوم نے دکانوں کو نذرآتش کردیا اور تشدد برپا کرکے سنگباری شروع کردی۔ پولیس کو مجبوراً فائرنگ کرنی پڑی۔ پولیس نے کہا کہ تشدد پر قابو پانے کیلئے طاقت کا استعمال کیا گیا۔ اب صورتحال قابو میں ہے، اس علاقہ میں لا اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے زائد فورس تعینات کی گئی ہے۔ سادھوؤں کے قتل کے پیچھے اصل مقصد کیا ہے، اس کا فوری علم نہ ہوسکا۔ شبہ ہے کہ مہلوکین میں گاؤکشی کی مخالفت کی تھی جس کے باعث یہ واقعہ پیش آیا ہوگا۔ اس واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ نے پرنسپل سیکریٹری کے بشمول اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ 48 گھنٹوں کے اندر خاطیوں کے خلاف کارروائی کرے۔ چیف منسٹر نے مہلوک سادھوؤں کے ارکان خاندان کو فی کس 5 لاکھ روپئے اور زخمی کو ایک لاکھ روپئے ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا۔ ایڈیشنل ڈی جی کانپور رینج اویناش چندرا نے کہا کہ یہ سادھو خون میں لت پت پائے گئے۔ ان کی گردنوں اور جسم کے دیگر حصوں پر چاقو کے گہرے ضربات پائے گئے۔ ہجوم نے ان ہلاکتوں کے خلاف برہمی ظاہر کرتے ہوئے تشدد برپا کیا، دکانات کو نذرآتش کرتے ہوئے سنگباری شروع کی۔ بدایوں کے سرکل آفیسر بھاسکر ورما نے کہا کہ مہلوکین کی شناخت 65 سالہ لجا رام اور 53 سالہ ہالکے رام کی حیثیت سے کی گئی ہے۔