یوپی کونسل سے ایس پی ، بی ایس پی کے تین ارکان مستعفی

لکھنؤ 29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) یوپی قانون ساز کونسل کے تین ارکان جن میں سماج وادی پارٹی کے دو اور بہوجن سماج پارٹی کے ایک ممبر شامل ہیں، آج مستعفی ہوگئے۔ ایس پی قائدین بکل نواب اور یشونت سنگھ اور بی ایس پی سے ٹھاکر جیاویر سنگھ نے اپنے استعفے قانون ساز کونسل کے چیرمین رمیش یادو کو پیش کردیئے۔ اس تبدیلی کے بارے میں ایس پی سربراہ اور سابق چیف منسٹر اکھلیش یادو نے کہاکہ اُنھوں نے بکل نواب سے عید پر ملاقات کی تھی اور تعجب ظاہر کیاکہ کیوں یکایک اُن کا ذہن تبدیل ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’میں بکل نواب سے دریافت کروں گا کہ کیوں وہ بی جے پی قائدین (یوگی ادتیہ ناتھ حکومت کے وزراء) کو الیکشن لڑنے کا موقع نہیں دے رہے ہیں… کیوں بعض ایم ایل سیز کو لالچ دے کر پٹی پڑائی جارہی ہے تاکہ اُن قائدین کو عوام کا سامنا نہ کرنے کا موقع مل جائے‘‘۔ بہار میں بڑے پیمانے پر سیاسی بدعنوانی کے بعد اب لگتا ہے کہ ایسا ہی اترپردیش میں کیا جائے گا۔ لوگ دیکھ رہے ہیں جو کچھ ہورہا ہے۔ جنھیں جانا ہے وہ ضرور جائیں گے اُنھیں روکا نہیں جاسکتا۔ بکل نواب نے اپنا استعفیٰ پیش کرنے کے بعد کہاکہ وہ پارٹی میں گزشتہ ایک سال سے گھٹن محسوس کررہے تھے اور وہ بی جے پی قیادت سے ملاقات کے لئے تیار ہیں بشرطیکہ اُنھیں مدعو کیا جائے۔ اترپردیش میں بی جے پی کے پانچ وزراء بشمول چیف منسٹر یوگی دونوں ارکان میں سے کسی کے بھی رکن نہیں ہیں۔