کانپور 4 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کرکٹ اسوسی ایشن (یو پی سی اے) کے سرپرست اعلیٰ گوڑ ہری سنگھانیہ کا آج قلب پر حملہ کے سبب انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 80 سال تھی۔ ان کے پسماندگان میں فرزند یدوپتی سنگھانیہ شامل ہیں۔ یو پی سی اے کے سی ای او للت گھنہ نے مطلع کیاکہ ’’مسٹر سنگھانیہ کا قلب پر حملے کے سبب آج صبح 8 بجکر 30 منٹ پر انتقال ہوگیا‘‘۔ بھگوان داس گھاٹ پر آخری رسومات ادا کی گئیں۔ سنگھانیہ 12 جون 1935 ء کو کانپور کے مشہور جے کے خاندان میں پیدا ہوئے تھے اور گزشتہ دو دہائیوں سے یو پی سی اے کے سرپرست اعلیٰ تھے۔ اُنھوں نے ایم اے کے علاوہ معاشیات میں پی ایچ ڈی کی تھی لیکن بچپن سے اسپورٹس سرگرمیوں میں غیرمعمولی دلچسپی رکھتے تھے۔ وہ جے کے سمنٹ لمیٹیڈ کے پروموٹر اور ڈائرکٹر بھی تھے۔ علاوہ ازیں کئی جے کے اداروں جیسے جے کے انٹرپرائزس لمیٹیڈ، جے کے کاٹن لمیٹیڈ اور جے کے ٹریڈرس لمیٹیڈ کے چیرمین بھی رہے ہیں۔ ہری سنگھانیہ اترپردیش کے کئی سرکاری کارپوریشنوں کے سابق صدرنشین بھی تھے۔