پارٹی ترجمان کے تقرر کیلئے پرچہ سوالات کا افشاء
لکھنؤ 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں کانگریس پارٹی اس وقت چراغ پا ہوئی جب اس کے ہی ارکان نے اسے دھوکہ دے دیا۔ پارٹی ترجمانوں کے تقرر کے لئے منعقدہ ٹسٹ میں ان قائدین نے مبینہ طور پر دوکہ دیا ہے۔ اترپردیش کانگریس کمیٹی نے جمعرات کو ایک ٹسٹ منعقد کیا تھا جہاں پارٹی کے ارکان کو ترجمان کی حیثیت سے مقرر کرنے کے لئے 4 سوالات کے جوابات دینے تھے۔ ان سوالات میں یہ سوال شامل تھے کہ اترپردیش میں کتنے بلاکس ہیں، آدتیہ ناتھ حکومت کی ناکامی کے اہم نکات کیا ہیں، تاہم جیسے ہی پرچہ سوالات جاری کیا گیا ہے اس کی تصاویر سوشیل میڈیا پر گشت ہونے لگیں۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ کانکگریس قائدین نے ان پرچہ جات سوالات کو حل کرنے کے لئے امتحان ہال میں انٹرنیٹ کی بھی مدد لی۔ تقریباً 70 ارکان نے ٹسٹ لکھا اور یو پی سی سی کی جانب سے لئے گئے انٹرویو کا بھی سامنا کیا۔ ان ارکان کو اس عہدہ کے لئے ٹسٹ لکھنے کا علم نہیں تھا۔ ٹسٹ کا مقصد ریاستی حکومت کا محاصرہ کرنے کی صلاحیت کس میں ہے جانچنا تھا لیکن یوپی کانگریس ارکان نے دھوکہ دہی کے ذریعہ پرچہ سوالات کو افشاء کرکے کانگریس کو آگ بگولہ کردیا۔ کانگریس، مدھیہ پردیش میں بھی اسی طرح کے ٹیلنٹ ٹسٹ منظم کروارہی ہے۔