نئی دہلی ۔27 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اُترپردیش کے 11 بشمول نیپال سرحد سے متصل 5 اضلاع میں آج پانچویں مرحلہ کی رائے دہی ہوئی ۔ الیکشن کمیشن نے 5 بجے شام تک 57.4 فیصد رائے دہی ریکارڈ کرنے کاد عویٰ کیاہے ۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور عوام کی کثیرتعداد نے الیکشن بوتھ پہنچ کر حق رائے دہی سے استفادہ کیا ۔ ہند ۔نیپال سرحد کو مہربند کردیا گیا تھا اور مرکزی پیراملٹری فورسیس نے حساس علاقوں میں فلیگ مارچ کیا۔ اُترپردیش میں جملہ 7 مراحل میں رائے دہی مقرر ہے ۔ کانگریس نائب صدر راہول گاندھی کے سیاسی آبائی مقام امیتھی کے ایک گاؤں میں عوام نے آج رائے دہی کا بائیکاٹ کیا۔ انھوں نے سڑک کے ذریعہ گاؤں کارابطہ قائم نہ کرنے کیخلاف بطور احتجاج رائے دہی میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا۔ پرساؤلی گاؤں جو امیتھی سے بمشکل 3 کیلومیٹر دور واقع ہے ، یہاں کے 649 رائے دہندوں میں کسی نے بھی حق رائے دہی سے استفادہ نہیں کیا ۔ ریٹرننگ آفیسر امیتھی و سب ڈیویژنل مجسٹریٹ اے کے کنوجیانے بھی اس کی توثیق کی ہے ۔ مقامی عہدیداروں نے ووٹنگ کیلئے انھیں رضامند کرنے کی کوشش کی لیکن آخرکار انھیں اپنے پولنگ بوتھس بند کردینا پڑا ۔