نئی دہلی 5 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ’’فرقہ پرست قوتوں‘‘ کو اُن کی جگہ پر روک دینے کیلئے سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے آج ایس پی قائدین سے کہاکہ بنیادی سطح پر ورکرس سے قریبی طور پر جڑ جائیں اور اترپردیش میں پارٹی کے زبردست مظاہرہ کو 2017 ء کے اسمبلی چناؤ میں دہرائیں۔ پارٹی ورکرس کو تنظیم کی اصل طاقت قرار دیتے ہوئے ملائم سنگھ نے کہاکہ وزراء کو اپنے متعلقہ اضلاع اور حلقوں میں زیادہ سے زیادہ وقت گزارتے ہوئے شکایات کی سماعت کرنا چاہئے۔ وہ پارٹی کی نوتشکیل شدہ ریاستی عاملہ کی میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ اِس میٹنگ کو بی جے پی کے بڑھتے اثر و رسوخ کو روکنے کے لئے حکمت عملی کا سیشن سمجھا جارہا ہے۔ بی جے پی نے اِس ریاست میں 80 لوک سبھا نشستوں کے منجملہ 71 جیت لئے ہیں۔ ملائم نے ٹھوس پیام میں پارٹی والوں سے کہاکہ فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف متحد ہوجائیں تاکہ 2017 ء کے اسمبلی چناؤ میں کامیابی حاصل کی جاسکے۔ ریاستی عاملہ کی میٹنگ میں ایس پی نیشنل جنرل سکریٹری رام گوپال یادو اور ریاستی یونٹ کے صدر اکھیلیش یادو کے علاوہ دیگر سینئر قائدین شریک ہوئے۔ ملائم نے کہاکہ وہ واقف ہیں کہ ریاستی وزراء کیا کررہے ہیں لیکن یہ ناکافی ہے۔ اُنھوں نے وزراء کو مشورہ دیا کہ اپنے متعلقہ علاقوں میں زیادہ وقت گزاریں اور ریاستی حکومت کی شروع کردہ ترقیاتی اسکیمات پر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ صرف ایس پی ہی فرقہ پرست قوتوں کو شکست دے سکتی ہے۔ یہ بات اِس ریاست کے عوام جانتے ہیں۔ آپ (پارٹی قائدین) کو متحد رہنا ہے اور اِن قوتوں سے لڑنا ہے۔