یوپی میں سونیا گاندھی کی آج پہلی انتخابی ریالی

لکھنؤ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کل ہند کانگریس کی صدر اور یو پی اے کی صدرنشین سونیا گاندھی 28 مارچ کو لکھم پور میں کانگریس کی انتخابی ریالی سے خطاب کریں گی۔ کانگریس پارٹی کے ذرائع نے اس کی اطلاع دی۔ اس حلقہ سے کانگریس کے امیدوار ظفر علی نقوی ہیں۔ ظفر علی نقوی گزشتہ انتخابات میں اس حلقہ سے کامیاب ہوئے تھے۔ سونیا گاندھی کی ریالی کی تیاریاں پورے زور و شور سے جاری ہیں۔ نریندر مودی کی بلند شہر ریالی کے دو روز کے بعد سونیا گاندھی کی یہ ریالی ہورہی ہے۔ اس لئے کانگریس اس ریالی کو کامیاب بنانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگائے ہوئے ہے۔ 28 مارچ کو ہی سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو اعظم گرھ میں انتخابی ریالی سے خطاب کریں گے۔ اس طرح سے سماج وادی پارٹی اپنی انتخابی مہم کا آغاز بھی اعظم گڑھ سے کرے گی۔ سماج وادی پارٹی نے گزشتہ اسمبلی انتخابات کی مہم کا آغاز اعظم گڑھ سے کیا تھا اور اسمبلی انتخابات میں پارٹی کو خاطر خواہ کامیابی ملی تھی۔ اب لوک سبھا انتخابات میں بھی سماج وادی پارٹی اس طرح کے نتائج کی اُمید لگائے ہوئے ہے۔