گورکھپور (یوپی) 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے لئے جھٹکہ والی تبدیلی میں ہندو یووا واہنی (ایچ وائی وی) جسے پارٹی کے شعلہ بیان لیڈر اور رکن لوک سبھا یوگی ادتیہ ناتھ نے تشکیل دیا ہے، اترپردیش میں 6 اسمبلی نشستوں پر زعفرانی پارٹی کے خلاف امیدوار کھڑے کردیئے ہیں۔ تاہم گورکھپور کی نمائندگی کرنے والے ایم پی ادتیہ ناتھ نے خود کو اِس فیصلے سے لاتعلق کرتے ہوئے کہاکہ یہ اقدام غیرقانونی اور تنظیم کی پالیسیوں کے مغائر ہے۔ ایچ وائی وی اسٹیٹ یونٹ چیف سنیل سنگھ نے کہاکہ ہم نے ریاست کے مشرقی خطہ کے تین اضلاع میں پھیلی 6 نشستوں سے امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اِن امیدواروں کا مقابلہ بی جے پی کے سرکاری امیدواروں سے ہوگا جن کے ناموں کا پہلے ہی اِن 6 نشستوں کے لئے اعلان کیا جاچکا ہے۔ ادتیہ ناتھ سے ربط پیدا کئے جانے پر اُنھوں نے کہاکہ یووا واہنی سماجی تنظیم ہے اور سیاست میں شامل ہونے اِس کا کوئی منصوبہ نہیں۔