یوپی بی جے پی ایم ایل اے پر عصمت ریزی کا الزام

بریلی ۔ 30 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) بریلی میں پولیس ایک 19 سالہ خاتون کی شکایت کی تحقیقات کررہی ہے جس نے بی جے پی کے بساؤلی لیجسلیٹرس خوشاگرا ساگر پر عصمت ریزی کا الزام عائد کیا ہے ۔ اس خاتون نے کہاکہ شادی کا وعدہ کرکے رکن اسمبلی نے اس کی عصمت ریزی کی ۔ رکن اسمبلی ساگر نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو تحریری شکایت کرتے ہوئے خاتون نے الزام عائد کیا کہ ساگر نے 2014 ء میں اس کے ساتھ دوستی کی تھی جب وہ نابالغ تھی ۔ بریلی میں دو سال تک اس نے اسے اپنے گھر میں رکھا اور شادی کرنے کا وعدہ کرتا رہا ۔ اس دوران اس نے کئی بار عصمت ریزی بھی کی ۔ بریلی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کلاندھی نیتھانی نے کہا کہ اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں ۔ سرکل آفیسر نتھی دیویدی کو تحقیقات کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ اس خاتون نے کہاکہ وہ 2014 ء میں رکن اسمبلی کے بریلی گرین پارک میں واقع مکان کو اپنی والدہ کے ساتھ گئی تھیں جہاں اس کی والدہ کام کرتی ہیں۔ اس نے دعویٰ کیا کہ ساگر کے والد یوگندر ساگر نے بھی وعدہ کیا تھا کہ جب وہ بالغ ہوجائے گی تو اس کی شادی کردی جائے گی ۔