ممبئی 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) طاقتور یو پی اے مخالف لہر ہونے کی تردید کرتے ہوئے مرکزی وزیر زراعت و صدر این سی پی شردپوار نے آج کہاکہ صورتحال ہنوز غیرواضح ہے۔ علاقائی پارٹیاں اور نئے رائے دہندے آئندہ حکومت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجیہ سبھا کے لئے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد شردپوار نے کہاکہ حالانکہ اہم مقابلہ یوپی اے اور این ڈی اے کا ہوگا لیکن علاقائی پارٹیوں کی طاقت کو اُن کی متعلقہ ریاستوں میں تسلیم کرنا ضروری ہے۔ آئندہ حکومت تشکیل دینے کے لئے اُن کی مدد ضروری ہوگی۔
اِس کے علاوہ نئے رائے دہندوں کی کثیر تعداد میں شمولیت بھی انتہائی اہم ہے۔ اِن رائے دہندوں کی تائید حاصل کرنے والا ہی کامیابی حاصل کرے گا۔ تیسرے محاذ کی حکومت کے بارے میں سوال پر اُنھوں نے کہاکہ ابھی اِس بارے میں بات کرنا انتہائی قبل ازوقت ہوگا۔ اُنھوں نے یقین ظاہر کیاکہ ملک کے مفاد میں معیشت کے استحکام اور بہتری کے لئے عوام ایک مضبوط اور مستحکم حکومت کی تائید میں رائے دیں گے۔ سشیل کمار شنڈے اور ابو عاصم اعظمی کی جانب سے اُن کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار قرار دینے کے بارے میں اُنھوں نے کہاکہ کوئی کچھ بھی کہے میں امیدوار نہیں ہوں۔ این سی پی کی نشستیں محدود ہیں اور پارٹی اپنی حدود سے اچھی طرح واقف ہے۔ یو پی اے کی ناکامی کا اظہار کرنے والے انتخابی سرویز کے بارے میں اُنھوں نے کہاکہ کانگریس زیرقیادت مخلوط حکومت انتخابی کامیابی حاصل کرے گی اور آئندہ 10 سال برسر اقتدار رہے گی۔