یوپی اسمبلی چناؤ کے پانچویں مرحلہ کیلئے انتخابی مہم کا آج اختتام

بی جے پی، بی ایس پی ، ایس پی ۔ کانگریس اتحاد کی سرگرمیاں زوروں پر، 51 نشستوں کیلئے امیدواروں میں 168 کروڑپتی ، 117 کا مجرمانہ ریکارڈ

لکھنؤ ؍ نئی دہلی 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش اسمبلی چناؤ کے پانچویں مرحلہ میں گیارہ اضلاع میں پھیلی ہوئی 51 نشستوں کے لئے انتخابی مہم کل ہفتہ کو اختتام پذیر ہوگی۔ اِس مرحلہ میں نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کے لوک سبھا حلقہ امیتھی کا بھی احاطہ ہوگا۔ تمام پارٹیوں نے اپنی مہم میں شدت پیدا کردی ہے اور مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی آخری تین مرحلوں کے اسمبلی انتخابات میں وارانسی سے بڑے پارٹی قائدین کے ساتھ مہم شروع کررہی ہے۔ یوپی چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کی طرف سے آج یہاں بتایا گیا کہ انتخابی مہم پانچویں مرحلہ کی انتخابی مہم شام پانچ بجے اختتام پذیر ہوگی اور پولنگ دوشنبہ 27 فروری کو ہوگی۔ اِس مرحلہ کے چناؤ والے اضلاع بلرام پور، گونڈہ، فیض آباد، امبیڈکر نگر، بہرائچ، سرسوتی، سدھارتھ نگر ، بستی، سنت کبیر نگر، امیتھی اور سلطان پور ہیں۔ سماج وادی پارٹی امیدوار چندرشیکھر کناؤجیا کے دیہانت کے سبب الہ پور (امبیڈکر نگر) میں ووٹنگ الیکشن کمیشن نے 9 مارچ کو مقرر کردی ہے۔ 2012 ء کے اسمبلی انتخابات میں الہ پور کے بشمول 52 نشستوں میں برسر اقتدار ایس پی نے 37 سیٹوں پر جیت درج کرائی تھی۔ جبکہ بی جے پی اور کانگریس نے پانچ، پانچ نیز بی ایس پی نے 3 نشستیں جیتے تھے۔ صدر بی جے پی امیت شاہ اور اُن کے ساتھ مرکزی وزیر جے پی نڈا اور دیگر سینئر پارٹی عہدیدار وزیراعظم کے انتخابی حلقہ وارانسی میں کیمپ کئے ہوئے ہیں۔ اِس علاقہ میں مودی کے جلسوں کا پروگرام بنایا جارہا ہے کیوں کہ اب تک اُن کے جلسے کامیاب رہے ہیں۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ تمام تین طاقتور سیاسی گروپ، بی جے پی، بی ایس پی اور ایس پی ۔ کانگریس اتحاد کا جاریہ انتخابات کے تاحال 4 مراحل میں بے استقلال مظاہرہ رہا ہے جس کی وجہ سے بقیہ تین اہم مرحلے زیادہ اہم ہوگئے ہیں۔ تمام پارٹیاں اپنی طاقت کو جھونک دیں گی۔ بی جے پی ذرائع نے کہاکہ اِن مرحلوں میں آبادی کی ترکیب کے اعتبار سے وہ بہتر موقف میں ہیں۔ اس مرحلہ میں جملہ 168 کروڑپتی چناؤ لڑرہے ہیں۔ جبکہ 117 نے اپنے خلاف فوجداری مقدمات درج ہونے کا حلفیہ بیان دیا ہے۔ کروڑپتی امیدواروں میں پارٹی واری اساس پر بی ایس پی کے 51 میں سے 43 کروڑپتی ہیں، بی جے پی کے 51 میں سے 38 ، ایس پی کے 42 میں سے 32 اور کانگریس کے 14 میں سے 7 امیدوار کروڑپتی ہیں۔