یوپی اسمبلی میں سخت ترین کرائم کنٹرول بل منظور

لکھنو ۔ 27 مارچ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) اُترپردیش اسمبلی میں آج ایک سخت ترین بل منظور کیا ہے جس کے ذریعہ منظم جرائم پر قابو پایا جائے گا ۔ منظم جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا ۔ اس بل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اپوزیشن ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ حکومت نے اس واک آؤٹ کے باوجود بل کو منظور کرالیا ۔ اپوزیشن کاالزام ہے کہ یہ بل خطرناک قانون ہے ۔ اُترپردیش منظم جرائم کنٹرول بل کو آج اسمبلی میں دوبارہ متعارف کروایا گیا کیونکہ اس بل کو لیجسلیٹیو کونسل میں منظور نہیں کیا جاسکا تھا جہاں پر بی جے پی اقلیت میں ہے ۔ اس ماہ کے اوائل میں اسمبلی میں بل کی منظوری کے بعد اسے دوبارہ پیش کیا گیا تھا ۔ یہ قانون مہاراشٹرا کے منظم جرائم قانون (مکوکا) کے خطوط پر تیار کیا گیا ہے ۔