برسبین۔25 فبروری(سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ کپ میں یکے بعد دیگرے 2 ناکامیوں کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم ٹورنمنٹ میں پہلی کامیابی کی تلاش میں برسبین میں تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے پانچ بولروں کو کھلانے اور ایک بیٹسمین کو کم کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔ وکٹ کیپر سرفراز احمد کو اس مرتبہ بھی قطعی 11 کھلاڑیوں میں جگہ نہیں ملے گی۔ یونس خان کو خارج کیا جاسکتا ہے۔ تاہم یونس خان فارم میں واپسی کے لئے بھرپور محنت کررہے ہیں۔ یونس خان نے ایک گھنٹہ اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم کے ساتھ پریکٹس کی۔ وولن گابا برسبین میں ہفتے کو آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کا میچ بارش کی نذر ہوچکا ہیاور اس گرائونڈ کو زیادہ تر آسٹریلیائی فٹ بال مقابلوں کے لئے استعمال کیا جاتا ہے اور یہاں کرکٹ کے لئے پورٹیبل وکٹ استعمال کی جاتی ہے جس پر متحدہ عرب امارات اور آئر لینڈ کا مقابلہ ہوا جہاں بیٹسمینوں نے بہتر رنز اسکور کرنے کے علاوہ بولروں نے بھی وکٹ کو خود کے لئے بہتر قرار دیا ہے۔