یونس ڈینگو میں مبتلا ہونے کا شبہ جلد ڈسچارج ہونیکی توقع

کراچی ، 22 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹسٹ کرکٹر یونس خان جنھیں گزشتہ روز انتہائی شدید بخار کی وجہ سے اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا، تیزی سے رو بصحت ہیں اور انھیں ایک یا دو دن میں ڈسچارج کردیا جائے گا۔ ’ڈان‘ کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ یونس خان کو شدید بخار کی شکایت کے بعد کراچی کے خانگی اسپتال میں داخل کروایا گیا ، جہاں ڈینگو بخار کے حوالے سے اُن کے مختلف ٹسٹس کئے گئے۔ تاہم ڈاکٹروں نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ یونس خان واقعی ڈینگو کا شکار ہوئے۔ اسپتالی ذرائع کے مطابق ٹسٹ کرکٹر کے خون کے پلٹ لیٹس خطرناک حد تک کم ہوگئے تھے۔ تاہم اب اُن کے پلٹ لیٹس کی تعداد تسلی بخش ہے اور وہ تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان کے اڈوائزر صلاح الدین احمد صلو نے بتایا کہ وہ یونس خان کی عیادت کیلئے گئے تھے، جہاں انھوں نے ٹسٹ کرکٹر کو چیئرمین پی سی بی اور پی سی بی کی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے پھول پیش کئے۔

ٹوکیو میں کویتوا کی کامیابی
ٹوکیو ، 22 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) پان پسیفک ٹینس ٹورنمنٹ کے پہلے مرحلے میں جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویتوا نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ یہاں ٹوکیو ایونٹ کے پہلے مرحلے میں کویتوا اور امریکہ کی میڈیسن برینگل میں مسابقت ہوئی۔ جمہوریہ چیک کی کھلاڑی نے میچ کے آغاز سے ہی اچھا مظاہرہ کیا اور اپنی حریف کو جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔ انہوں نے یکطرفہ مقابلے کے بعد امریکی کھلاڑی کو سیدھے سٹوں میں 6-3، 6-3 کی شکست سے دوچار کیا۔ اور ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں رسائی حاصل کر لی ہے۔