پالے کیلے۔4جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے خلاف تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کےآخری ٹسٹ میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں یونس خان اور یاسر شاہ نے نئے اعزاز اپنے نام کر لیے۔پالے کیلے میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے ٹسٹ میچ کے پہلے پاکستانی اسپنر یاسر شاہ نے چار وکٹیں لے کر سیریز میں اپنی کل وکٹوں کی تعداد 21 کر لی ہے جو سری لنکا کے خلاف ٹسٹ سیریز میں کسی بھی پاکستانی باؤلر کی سب سے بہترین کارکردگی ہے۔اس سے قبل یہ اعزاز محمدآصف کے پاس تھا جنہوں نے 2006 میں کھیلی گئی سیریز میں 17 وکٹیں حاصل کی تھیں۔یہ میچ یونس خان کا سری لنکا کے خلاف 29واں ٹسٹ میچ ہے جس کے ساتھ ہی وہ کسی ایک حریف کے خلاف سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔اس سے قبل یہ ریکارڈ عظیم بلے باز جاوید میانداد کے پاس تھا جنہوں نے ہندوستان کے خلاف 28 ٹسٹ میچ کھیلے تھے۔اس ٹسٹ میں یہ 13 سال میں پہلا موقع ہے کہ سری لنکا کو ٹسٹ میچ میں کمار سنگاکارا یا مہیلا جے وردنے کی خدمات حاصل نہیں ہیں۔ا?خری بار ایسا 2002 میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ میچ میں ہوا تھا جس میں جیہان مبارک نے اپنا ٹسٹ ڈیبیو بھی کیا تھا اور اس کے بعد سنگاکارا یا جے وردنے میں سے کم از کم کوئی ایک لگاتار 111 ٹسٹ میچوں میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کرتا رہا۔