یونس خان کی ڈبل سنچری کے بعد آسٹریلیا کے مسائل کا آغاز

ابوظہبی ۔ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) انتہائی غیرمعمولی اور شاندار فام میں چل رہے یونس خان نے اپنے کیریئر کی پانچویں ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف یہاں دوسرے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں ٹیم کے اسکور کو 570/6 تک پہنچانے میں کلیدی رول ادا کیا جبکہ مصباح الحق نے 101 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد مذکورہ اسکور پر پہلی اننگز ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ جوابی اننگز میں بیٹنگ کا آغاز کرنے والی آسٹریلیائی ٹیم کو پہلا نقصان پانچویں اوور کی پہلی گیند پر اس وقت برداشت کرنا پڑا جب عمران خان نے وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد کے ہاتھوں حریف اوپنر کرس راجرس کو 5 رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین کی راہ دکھائی۔ 21 رنز کے مجموعی اسکور پر راجرس کے نقصان کے بعد اسپنر نیتھن لین کو نائیٹ واچ مین کے طور پر وکٹ پر روانہ کیا گیا ہے۔

پہلے مقابلہ میں سنچری اسکور کرنے والے وارنر 18 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 16 رنز اسکور کرتے ہوئے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر ٹیم کے اسکور کو 22/1 تک پہنچایا ہے۔ پاکستان نے اپنے کل کے اسکور 304/2 سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ آج کے اسٹار کھلاڑی یونس خان ثابت ہوئے جنہوں نے 349گیندوں میں 213 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 15 چوکے اور دو چھکے شامل ہیں۔ کل کے ناٹ آوٹ بیٹسمین اظہرعلی نے آج اپنے انفرادی اسکور میں 8 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 109 رنز پر آوٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں اسد شفیق 21 رنز بنائے جبکہ سرفراز احمد 19 رنز اور یاسر شاہ ایک رن بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ آسٹریلیا کیلئے مچل اسٹارک نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جانسن، پیٹرسیڈل، نیتھن لین اور ڈیون اسمتھ کو فی کس ایک وکٹ حاصل ہوئی۔