یونس خان کی ونڈے ٹیم میں واپسی ، فوادکا اخراج حیران کن

کراچی ۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹسٹ مقابلوں میں غیر معمولی کارکردگی پر اسٹار بیٹسمین یونس خان کو ونڈے ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ یونس خان نے 5 ٹسٹ میں717 رنز بناکر سلیکٹر کو بھر پور جواب دیا۔ جبکہ حیران کن طور پر فواد عالم سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ معین خان کی صدارت میں پاکستانی سلیکشن کمیٹی نے اوپنر ناصر جمشید کو دوبارہ طلب کیا ہے حالانکہ وہ قائد اعظم ٹرافی میں فارم دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔ فاسٹ بولر عمر گل کو بھی دوبارہ طلب کرکے بولنگ شعبہ کو مستحکم کیا گیا ۔ وکٹ کیپر سرفراز احمد کو ٹوئنٹی 20 ٹیم میں بھی جگہ دی گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈنے نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے اور تین ٹوئنٹی 20 مقابلوں کی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ ونڈے ٹیم کی قیادت مصباح الحق اور ٹوئنٹی 20 ٹیم کی کپتانی شاہد آ فریدی کو سونپی گئی ہے۔ آ سٹریلیا کے خلاف ونڈے سیریز میں 3-0 کی شکست کا سامنا کرنے والی ٹیم میں یونس خان شامل نہیں تھے۔ ٹسٹ ٹیم سے اظہر علی، محمد طلحہ، راحت علی، شان مسعود، یاسر شاہ اور توفیق عمر،کو ونڈے ٹیم سے خارج کردیا گیا ہے۔ احمد شہزاد بھی فٹ ہوگئے ہیں۔ عمر امین کو باہر کردیا گیا ہے۔ صہیب مقصود ان فٹ ہیں۔ دریں اثناء چیف سلیکٹر معین خان نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل ہمارے پاس اپنے کھلاڑیوں کو آ زمانے کے لئے یہ آ خری موقع ہے۔