ابوظہبی۔30اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مدثر نذر ‘ ظہیرعباس اور محمد یوسف کے بعد متواتر تین سنچریاں اسکور کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں یونس خان نے آج اپنا نام درج کروالیا ہے جیسا کہ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف یہاں شروع ہوئے دوسرے ٹسٹ کے پہلے دن انہوں نے ناقابل تسخیر 111رنز کی اننگز کھیلی ہے ۔ یونس خان نے 155گیندوں میں 10چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ایک اور ناقابل تسخیر سنچری اسکور کرنے کے علاوہ اظہر علی کے ہمراہ تیسری وکٹ کیلئے 208رنز کی ناقابل تسخیر پارٹنرشپ نبھالی ہے۔ اظہر علی نے بھی 223گیندوںمیں 6چوکوں کی مد دسے 101کی اننگز مکمل کرلی ہے ۔ دریں اثناء پاکستانی ٹیم نے پہلے دن کھیل کے اختتام پر دو وکٹوں کے نقصان کے بعد 304رنز اسکور کرتے ہوئے سیریز میں کامیابی کیلئے ایک بہتر شروعات کرلی ہے ۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق جنہوں نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور احمدشہزاد کے ہمراہ محمد حفیظ نے پہلی وکٹ کیلئے 57رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کی ۔ نیتھن لین نے احمد شہزاد کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو پہلی کامیابی دلوائی ‘ شہزاد نے 64گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 35رنز اسکور کئے ۔ آسٹریلیا کیلئے دوسری کامیابی میچل جانسن کو ملی جنہوں نے محمد حفیظ کو وکٹوں کے پیچھے براڈ ہاڈن کے ہاتھوں آوٹ کروایا ۔ حفیظ نے 89گیندوںمیں ایک چوکے کی مدد سے 45رنز اسکور کئے ہیں۔ آسٹریلیا نے 8بولروں کا استعمال کیا ۔