یونس خان کو ونڈے ٹیم میں شامل نہ کیا جانا یقینی

کراچی۔ 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق کپتان یونس خان کو ونڈے انٹرنیشنل کیلئے نظرانداز کیا جانا یقینی ہوچکا ہے کیونکہ ٹیم تھنک ٹینک اس نتیجہ پر پہنچی کہ سینئر بیٹسمین ونڈے فارمیٹ کیلئے موزوں نہیں ہے اور ٹیم کو آئندہ سال کے ورلڈ کپ کی تیاری کی ضرورت ہے۔ ٹیم انتظامیہ لاہور میں جاریہ ہفتہ اجلاس منعقد ہوا جس میں مجوزہ دورۂ سری لنکا کے منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کو تیار کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ذرائع نے بتایا کہ ہیڈکوچ وقار یونس اور نیشنل سلیکشن کمیٹی نے مجوزہ دوروں کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی۔

ذرائع نے بتایا کہ ٹسٹ اور ونڈے کرکٹ کیلئے علیحدہ نوعیت کی ٹیمیں تیار کرنے کی حکمت عملی اختیار کی گئی۔ اس بارے میں کوئی شبہ نہیں کہ یونس خان ٹسٹ ٹیم میں شامل رہیں گے لیکن سلیکٹرس اس بات پر متفق ہوگئے ہیں کہ انہیں ونڈے ٹیم میں شامل نہیں کیا جانا چاہئے۔ یونس خان نے ونڈے کرکٹ کھیلنے کی خواہش ظاہر کی تھی اور کہا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ انہیں صرف ٹسٹ کھلاڑی کے طور پر جانا جائے۔ یونس خان کو مارچ 2013ء میں جنوبی آفریقہ کے دورہ سے ونڈے ٹیم میں شامل نہیں کیا جارہا ہے اور انہیں گزشتہ ماہ زمرہ بی سنٹرل کنٹراکٹ دیا گیا ہے۔ اس کے بعد کافی اعتراض اور ہنگامہ آرائی کی بناء بورڈ نے اپنا موقف تبدیل کرتے ہوئے انہیں زمرہ اے میں شامل کیا تھا۔