کراچی 28 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریار خان نے آج کہا کہ سینئر بلے باز یونس خان کو کچھ سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے تاہم انہوں نے سینئر بلے باز کے خلاف کسی طرح کی تادیبی کارروائی کا امکان مسترد کردیا ۔ شہریار خان نے کہا کہ ونڈے ٹیم سے اخراج پر یونس خان نے جس رد عمل کا اظہار کیا ہے اس سے انہیں مایوسی ہوئی ہے کیونکہ یونس خان ایک سینئر کھلاڑی ہیں اور ہم ان کا بہت احترام کرتے ہیں۔ یونس خان نے آسٹریلیا کے خلاف ونڈے سیریز کیلئے منتخب نہ کئے جانے کے بعد قومی سلیکٹرس اور پاکستان کرکٹ بورڈ پر سخت تنقید کی تھی ۔ انہوں نے ٹسٹ کرکٹ سے بھی سبکدوشی کی پیشکش کی تھی اور کہا تھا کہ اس سے سلیکٹرس نئے ٹیم کو منتخب کرسکتے ہیں۔ شہریار خان نے کہا کہ اس طرح کے بیانات یونس خا ن جیسے سینئر کھلاڑی کو ذیب نہیں دیتے ۔ انہیں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے وہ ٹیم کے سینئر بلے باز ہیں ۔