یونس خان کا2 ٹسٹ کی سیریز میں 468رنز کا نیا ریکارڈ

ابوظہبی۔ 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر بیٹسمین یونس خان نے ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 468 رنز بنا کر پاکستان کیلئے نیا ریکارڈ قائم کیا۔ دو ٹسٹ پر مشتمل سیریز میں سب سے زیادہ رنز کا عالمی ریکارڈ سری لنکا کے سابق کپتان سنت جے سوریا کے نام ہے جو انہوں نے 1997 میں ہندوستان کے خلاف 571 رنز بنا کر قائم کیا تھا۔انہوں نے اس سیریز میں 10 سے زائد بین الاقوامی ریکارڈ بنائے اور توڑے، دبئی میں کھیلے گئے پہلے میچ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنا کر یونس خان پاکستان کی طرف سے نا صرف سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بیٹسمین بن گئے بلکہ وہ آسٹریلیا کے خلاف سنچری بنا کر ہر ٹسٹ ٹیم کے خلاف سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔ یونس خان نے دوسرے ٹسٹ میں بھی ڈبل سنچری بنا کر اپنی سنچریوں کی مجموعی تعداد 27 تک پہنچادی۔ دبئی میں دونوں اننگز میں سنچریاں بنا کر یونس خان 40 سال بعد نیوزی لینڈ کے گلین ٹرنرکے بعد آسٹریلیا کے خلاف دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے والے بیٹسمین بن گئے۔ یونس نے ابو ظہبی ٹسٹ میں ڈبل سنچری بنا کر آسٹریلیا کے خلاف لگاتار تیسری سنچری اسکور کر کے انگلینڈ کے ہربرٹ اسٹکلف کا 90 سالہ قدیم ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔انہوں نے اوسطاً ہر چھٹی ٹسٹ اننگز میں سنچری بنائی ہے۔