کراچی۔24ستمبر( سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر بیٹسمین یونس خان کو آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلی جانے والی ونڈے سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا جو دراصل ٹیم کے چیف سلکٹر معین خان کے ونڈے اور ٹوئنٹی 20ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کرنے کے منصوبہ کے تحت ہے ۔معین خان جو پاکستانی ٹیم کے منیجر بھی ہیں انہوں نے لاہور میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونس خان کو ٹیم سے خارج کرنے کا مقصد دراصل آئندہ برس ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم کی تیاری ہے ۔ معین خان کے بموجب یونس خان کے لئے بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند نہیںہوئے ہیں چونکہ ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس فیصلے میں ناکامی کی صورت پر تجربہ کار یونس خان کی کسی بھی وقت ورلڈ کپ کی ٹیم میں واپسی ہوسکتی ہے۔یونس خان کا اخراج حیران کن ہے کیونکہ 2013ء کے بعد پہلی مرتبہ انہیں سری لنکا سیریز کیلئے طلب کیا گیا تھا جہاں وہ پہلا ونڈے کھیلنے کے بعد رشتہ دار کی موت پر وطن لوٹ گئے تھے ۔