یونس خان ورلڈ کپ کھیلنے کے خواہاں

کراچی۔28 مئی (سیاست ڈاٹ کام)اسٹاربیٹسمین اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کے خواہش مند ہیں اور اپنی شرائط کے تحت کرکٹ کو خیرباد کہنا چاہتے ہیں تاہم وہ ٹیم پر بوجھ بننے کی بجائے کارکردگی کی بنیاد پر کھیلنا چاہتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ فٹنس کو برقرار رکھوں اس وقت سوپر فٹ ہوں، اگر فارم اور فٹنس برقرار رہی تو مزید 10 سال تک کرکٹ کھیل سکتاہوں۔ پاکستان کے لئے ونڈے کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔ اپنے آپ کو صرف ٹسٹ میچوں تک محدود نہیں رکھنا چاہتا۔میرا کوئی طویل منصوبہ نہیں ہے۔ نہ کوئی نشانہ مقررکیا ہے تاہم جو بھی فارمیٹ کھیلوں گا اس میں بہترکارکردگی دکھانا چاہتا ہوں۔ بلکہ میرے ذہن میں2015 کا ورلڈ کپ ہے۔ ونڈے ٹیم سے اخراج کے ساتھ سبکدوش نہیں ہونا چاہتا۔

لاہور میں سمر ٹریننگ کیمپ کے دوران میڈیا سے اظہار خیال کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ پی سی بی ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لئے کوشاں ہے جس کی ہمیں اشد ضرورت بھی ہے اور اگر یہ کام ہندوستان کے دورے سے ہو تو اس سے اچھی کوئی اور بات ہو ہی نہیں سکتی۔ وہ امید کرتے ہیں کہ وزیر اعظم کے دورہ ہندوستان سے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات دوبارہ بحال ہوں گے۔ واضح رہے کہ یونس خان نے مارچ 2013کے بعد سے پاکستان کی جانب سے کوئی ونڈے میچ نہیں کھیلا ہے۔ 36سالہ یونس خان جو ٹسٹ اور ونڈے دونوں میں 7000سے زائد رنز اسکور کرچکے ہیں کہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لیے کوشاں ہے جس کی ہمیں اشد ضرورت ہے اس مرحلے پر اس سے زیادہ اچھی بات اور کیا ہوسکتی ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی ہندوستانی ٹیم کے دورہ سے ہو۔