کراچی۔2 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی ونڈے ٹیم میں جگہ بنانے والے تجربہ کار بیٹسمین اور سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کو اپنا فطری کھیل کھیلنا ہوگا۔ میری خواہش ہے کہ سینئر بیٹسمین کی حیثیت سے ٹیم میں جگہ بناکر وہ کردار ادا کروں جو 1992کے ورلڈ کپ میں جاوید میاں داد یا انضمام الحق نے ادا کیا تھا۔ ونڈے ٹیم میں تیسرے مقام پر کھیلنا چاہتا ہوں۔2009میں پاکستان کو اپنی کپتانی میں ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ جتوا چکا ہوں، اگر پاکستان نے پچاس اوورز کا ورلڈ کپ جیتا اور میں اس ٹیم کا حصہ بنوں تو میرا کیریئر بھی یادگار بن جائے گا۔ یونس خان کو سری لنکا کے دورے کے بعد آسٹریلیا کے خلاف ونڈے سیریز کیلئے ٹیم سے خارج کردیا گیا تھا جس پر وہ کرکٹ بورڈ سے ناراض تھے۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز میں ان کی انتہائی شاندار کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے کہہ دیا تھا کہ یونس خان نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز میں ٹیم کا حصہ ضرور بنیں گے۔ میڈیا کو انٹر ویو دیتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ پاکستان کی ونڈے ٹیم میں واپس آکر خوشی محسوس کررہا ہوں۔ میری خواہش ہیکہ مجھے ماضی کی طرح ایک میچ کھلا کر باہر نہ کردیا جائے بلکہ پورا موقع دیا جائے۔ نمبر 3 پر بیٹنگ کرنا چاہتا ہوں۔ پاکستانی ٹیم کے تھنک ٹینک میں شامل نہیں ہوں لیکن اپنے تجربے کی بنیاد پر کہتا ہوں کہ اگر پاکستانی ٹیم نے اپنا فطری کھیل پیش کیا تواس کی ورلڈ کپ میں کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔