یونس خان نے 90سالہ ریکارڈ برابر کردیا

ابوظہبی ۔ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) یونس خان نے آسٹریلیا کے خلاف مسلسل 3 ٹسٹ اننگز میں متواتر 3 سنچریاں بنانے کا90سالہ ریکارڈ برابر کردیا۔ اس سے قبل 1924-25ء میں انگلینڈ کے ہربرٹ اسٹکلف نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ یونس خان مسلسل تین سنچریاں بنانے والے چوتھے پاکستانی کر کٹر بھی بن گئے ہیں۔ اس سے قبل ظہیر عباس نے 1982میں ہندوستان کے خلاف 215،186اور168رنز بنائے تھے۔ مدثر نذر نے1983میں ہندوستان کے خلاف 231، 152 اور 152 ناٹ آوٹ جبکہ محمد یوسف نے 2006میںویسٹ انڈیز کے خلاف بالتر تیب191 ،102اور124رنز بنائے تھے۔ یونس خان27سنچریاں بنا کر مائیکل کلارک، گرائم اسمتھ اور ایلن بارڈر کے ہم پلہ ہو گئے۔ انہوں نے آسٹریلیا کیخلاف ٹسٹ میچوں میں ایک ہزار رنز بھی مکمل کرلئے ہیں۔آسٹریلیا کیخلاف ایک ہزار رنز مکمل کرنے والے پندرہویں کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرلیا۔انہوں نے ٹسٹ میچ کی چاروں اننگز میں 50 رنز کی اوسط بھی حاصل کرلی ہے اس سے قبل یہ اعزاز صرف آسٹریلیا کے ڈان براڈمین اور انگلینڈ کے اسٹکلف کو حاصل تھا۔