کراچی ۔ 26 ستمبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام )او ڈی آئی ٹیم سے حذف کئے جانے پر مایوس پاکستان کے سینئر بیٹسمین اور سابق کپتان یونس خان نے آج نیشنل سلیکٹرس کو لتھاڑا اور کہا کہ اگر وہ آئندہ سال فبروری میں ورلڈ کپ کیلئے نئی ٹیم کو تیار کرنے میں ناکام ہوجاتے ہیں تو انھیں جوابدہ بنانے چاہئے ۔ صاف طورپر برہم یونس جنھیں آسٹریلیا کیخلاف مجوزہ سیریز کیلئے ونڈے اسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا، انھوں نے میڈیا والوں سے بات چیت میں کہا کہ وہ آئندہ چھ ماہ کیلئے نیشنل ٹیم سے علحدگی اختیار کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں ۔ 36 سالہ کھلاڑی نے کہا ، ’’اگر اُن کا کہنا ہے کہ میرا کوئی مستقبل نہیں تو میں تمام فارمیٹس سے دور ہوجاتا ہوں ، مجھے ٹسٹ میچوں کیلئے بھی منتخب نہ کریں ۔ میں ورلڈکپ سے قبل پانچ ماہ کیلئے علحدگی کیلئے تیار ہوں ۔ انھیں نئی ٹیم تیار کرنے دیجئے لیکن اگر وہ کامیاب نہ ہوں تو سلیکٹرس کو ضرور جوابدہ بنایا جانا چاہئے ‘‘۔