یونس اور مسعود کی فیصلہ کن اننگز میں سنچریاں

سری لنکا میں سیریز جیت کیلئے 377 کے ٹارگٹ پر پاکستان 230/2
پالی کیلے ، 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) یونس خان اور شان مسعود کی سری لنکا کے خلاف فیصلہ کن تیسرے ٹسٹ میں آخری اننگز میں شاندار سنچریوں نے پاکستان کو تاریخ رقم کرنے کا موقع فراہم کیا ہے جیسا کہ مہمانوں نے سیریز میں 2-1 کی کامیابی کیلئے مقررہ 377 کے ٹارگٹ پر آج یہاں چوتھے روز کھیل کے اختتام تک 230/2 کا مستحکم اسکور کھڑا کرلیا۔ یونس 101 اور اوپنر مسعود 114 پر ناٹ آؤٹ ہیں اور کل میچ کا آخری دن ہے۔ دونوں بیٹسمین تیسری وکٹ کیلئے 217 رنز کی غیرمختتم رفاقت نبھا چکے ہیں۔ ایک موقع پر پاکستان کا اسکور 13/2 تک گھٹ گیا تھا ۔ یہ دونوں بیٹسمین 56 اوورز کھیل چکے ہیں۔ قبل ازیں سری لنکا کی دوسری اننگز میں کل کے ناٹ آؤٹ بیٹسمن کپتان انجیلو میتھیوز نے بھی اپنی سنچری مکمل کی اور 122 پر آخر میں آؤٹ ہوئے۔ میزبانوں کی اننگز 313 پر سمٹ گئی۔ پہلی اننگز میں سری لنکا نے 278 اور پاکستان نے 215 اسکور کئے تھے۔