یونان پہلی مرتبہ ناک آؤٹ مرحلہ میںداخل

کیوری ٹیبا۔ 25؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ ورلڈ کپ 2014 کے گروپ سی میں یونان نے آئیوری کوسٹ کو ہرا کر اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ کولمبیا اس گروپ سے پہلے ہی کوالیفائی کر چکا ہے۔یونان نے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔یہ پہلا موقع ہے کہ یونان کی ٹیم ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں کھیلے گی۔آئیوری کوسٹ کی ٹیم میں یحییٰ تورے، دیدیئر دروگوبا، سلمان کالو اور جاونیو جیسے مشہور کھلاڑی موجود تھے لیکن وہ یونان کا مقابلہ نہ کر سکے۔آئیوری کوسٹ کی ٹیم نے کھیل کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اورمیچ کے ابتدائی منٹوں میں یونان کے گول پر کئی حملے کئے لیکن آدھے گھنٹے کے کھیل کے بعد آئیوری کوسٹ کی ٹیم سست پڑ گئی اور یونان آئیوری کوسٹ کے گول پر تابڑ توڑ حملے کئے۔یونان نے آئیوری کوسٹ کے کھلاڑی کے غلطی سے فائدہ اٹھا کر پہلے برتری حاصل کر لی

جو میچ کے 74ویں منٹ تک برقرار رہی۔اس موقع پر آئیوری کوسٹ کے متبادل کھلاڑی ولفرڈ بونی نے گول کر کے میچ کو برابری پر لا کھڑا کیا‘اگر آئیوری کوسٹ اس میچ کو برابری پر ختم کر لیتا تو اس وہ اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کر جاتا۔میچ کے اضافی تین منٹوں میں جب یونان نے آئیوری کوسٹ کے گول پر دباؤ بڑھایا تو وہ پنالٹی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا جس پر سمپراس نے گول کر یونان کی فتح کو یقینی بنا دیا۔آئیوری کوسٹ نے اس میچ میں ولفریڈ بونی کی جگہ ماضی کے مشہور کھلاڑی دیدیئر دووگبا سے میچ شروع کیا تھا۔36 سالہ دیدیئر دروگبا ایک سے زیادہ مرتبہ افریقن پلیئر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔