نئی دہلی۔29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج ہاکی کے مایہ ناز کھلاڑی میجر دھیان چند کو یاد کیا اور قومی کھیل کے دن کے موقع پر ملک کے تمام کھلاڑیوں کو مبارک باد پیش کی۔مسٹر مودی نے یکے بعد دیگر ے پیغامات پوسٹ کئے ۔ انہوں نے کہا قومی کھیل کے موقع پر میں ملک کے سبھی کھلاڑیوں اورکھیل کے لئے جنونی لوگوں کو اپنی جانب سے مبارک باد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا میں مایہ ناز کھلاڑی میجر دھیان چند کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے جادوئی کھیل اور صلاحیت سے ہندستانی ہاکی کیلئے کرشمہ کیا۔ ہاکی کے عظیم کھلاڑی دھیان چند کے یوم پیدائش29 اگست کو ہی ملک میں قومی کھیل کا دن منایا جاتا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ ہندستان صلاحیت مند کھلاڑیوں سے بھرا ہوا ہے اور انہی صلاحیتوں کو فروغ دینے کیلئے وزارت کھیل نے ایک پورٹل متعارف کیا ہے ۔ انہوں نے کہا قومی اسپورٹس ٹیلنٹ سرچ پورٹل نوجوانوں کو صحیح سمت دکھانے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کا کام کرے گا تاکہ کھیلوں کو مزید فروغ حاصل ہوسکے ۔
آسٹریلیا 265 رنز کے تعاقب میں 109/2
ڈھاکہ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوچکا ہے جیسا کہ کھیل کے تیسرے ہی دن آسٹریلیائی ٹیم 265 رنز کے تعاقب میں 109/2 بنالی ہے جس میں ڈیوڈ وارنر 75 اور کپتان اسٹیو اسمتھ 25 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیل چکے ہیں۔ 2/28 کی نازک صورتحال سے آسٹریلیائی ٹیم کسی قدر باہر نکل چکی ہے۔ قبل ازیں بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز میں 221 رنز بنائے ہیں۔ مہمان اسپنر نیتھن لیان نے 82 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔