یوم آزادیٔ ہند : ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ اور نیاگرا آبشار بقعۂ نور

نیویارک ۔ 16 اگست (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر میں مشہور امریکہ کی ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ اور نیاگرا آبشار کو ہندوستان کے 72 ویں یوم آزادی کی خوشی کے موقع پر ہندوستانی پرچم کے تین رنگوں سے بقعہ نور کیا گیا جبکہ یہاں موجود ہندوستانی برادری نے بھی یوم آزادی تقریبات کو جوش و خروش کے ساتھ منایا جہاں ہندوستان کی عظیم ثقافت کے جلوے دیکھنے کو ملے۔ ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کو سفید، سبز اور زعفرانی رنگوں سے بقعہ نور کیا گیا جو انتہائی دلکش معلوم ہورہا تھا۔ 1454 فیٹ بلند بلڈنگ جس میں 102 منزلے ہیں، نے اپنے ٹوئیٹر پر ہندوستانی یوم آزادی کے موقع پر ہندوستانی پرچم کے رنگوں کو روشنی کی شکل میں کچھ اس طرح منعکس کیا کہ دیکھنے والے دم بخود رہ گئے۔ تقریب میں ہندوستانی قونصل جنرل متعینہ نیویارک سندیپ چکرورتی، فیڈریشن آف انڈین اسوسی ایشن (FIA) نیویارک، نیوجرسی اور کنکٹی کٹ کے صدر سروجل پاریکھ اور گلوکار مکی سنگھ نے شرکت کی جبکہ دنیا کے تمام سیاحوں کے پسندیدہ مقام نیاگرا آبشار پر بھی ہندوستان کی یوم آزادی کے موقع پر ہندوستانی پرچم کے رنگوں کی روشنی کچھ اس انداز سے بکھیری گئی تھی کہ دیکھنے والوں کو ایسا لگ رہا تھا کہ آبشار کا پانی تین رنگوں کا ہے۔