یوسین بولٹ ہندوستان میں کرکٹ کھیلیں گے

بنگلور۔ 27 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جمائیکا سے تعلق رکھنے والے متعدد اولمپک گولڈ میڈلسٹ یوسین بولٹ دُنیا کے سب سے تیز ترین دوڑنے والے شخص مانے جاتے ہیں اور اب وہ آئندہ ماہ ستمبر میں ہندوستان کا دورہ کررہے ہیں لیکن وہ یہاں کسی دوڑ میں حصہ نہیں لیں گے بلکہ ہندوستان کے معروف کھیل کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے۔ پوما کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ جمائیکا کے سوپر اسٹار یوسین بولٹ 2 ستمبر کو بنگلور کے چنّا سوامی اسٹیڈیم میں ہندوستانی آل راؤنڈر یوراج سنگھ کے ساتھ کرکٹ مقابلہ کھیلیں گے۔ واضح رہے کہ یوراج سنگھ اور یوسین بولٹ پوما کے برانڈ ایمبیسڈر ہیں۔