یوسین بولٹ کی امریکی صدر اوباما سے ملاقات

واشنگٹن، 14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے تیز ترین انسان یوسین بولٹ کی ملاقات دنیا کی طاقتور ترین شخصیت یعنی براک اوباما سے ہوئی ہے۔ امریکی صدر نے یوسین کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ دنیا کا تیز ترین انسان یوسین جو بجلی کی سی تیزی سے دوڑتا ہے، متعدد ریکارڈز اپنے نام کرچکا ہے۔ اس کے مداحوں کا شمار ناممکن ہے ،لیکن وہ خودکرکٹ اورکرکٹرز کے شیدائی ہیں۔ یوسین بولٹ سابق پاکستانی کپتان وقار یونس کا بڑا مداح ہے ۔شاید اس لئے کہ بولٹ کو فاسٹ بولنگ پسند ہے۔ یوسین خود کہہ بھی چکے ہیں کہ اگروہ اسپرنٹر نہ ہوتے تو فاسٹ بولر ہوتے۔ پھر چیارٹی میچ میں وہ اس کا عملی ثبوت بھی پیش کر چکے ہیں، جب انہوں نے جارح مزاج کرس گیل کو بولڈ کردیا تھا۔ یوسین بولنگ ہی نہیں بیٹنگ بھی خوب کرتے ہیں ۔ اس تیزترین انسان کے چاہنے والوں میںدنیا کی طاقتور ترین شخصیت امریکی صدر اوباما بھی شامل ہیں، جن سے یوسین کی ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات انتہائی خوشگوار موڈ میں ہو ئی جہاں امریکی صدر نے یوسین کی خوب تعریف کی۔ پھر اُن کا خاص ’’انداز‘‘ بھی اپنایااور تصاویر بھی بنوائیں۔