لندن ۔ /6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے سب سے تیز رفتار ایتھلیٹ یوسین بولٹ کو اپنے الوداعی ریس میںاس وقت جھٹکا لگا جب امریکہ کے جسٹن گیٹلن نے انہیں طلائی تمغے سے محروم کردیا ۔ 100میٹر دوڑ میں عالمی ریکارڈ کے حامل بولٹ کو لندن میں رہنے والے مقابلے میں کانسی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا ۔ فائنل کی دوڑ کے بعد بولٹ نے کہا : میری شروعات نے مجھے مشکل میں ڈال دیا ۔ گیٹلن اچھے حریف ہیں میں آج اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا ۔ یوسین بولٹ اپنی بہترین فٹنس اور فارم میں نہیں تھے تاہم ان سے یہ امید کی جارہی تھی کہ وہ اپنی آخری دوڑ میں جیت کر کیرئیر کا 20 واں طلائی تمغہ حاصل کرلیں گے ۔ 35 سالہ گیٹلن نے 9.92 سیکنڈ میں ریس مکمل کی جبکہ جمیکا کے یوسین بولٹ نے 9.95 سیکنڈ کا وقت لیا ۔بولٹ نے 2015 ء میں بیجنگ میں منعقدہ اولمپکس میں گیٹلن کو شکست دی تھی لیکن لندن میں وہ اپنی 2012ء کی کارکردگی کو دہرا نہیں سکے ۔ ریس مکمل کرنے کے بعد بولٹ نے گیٹلن کو مبارکباد دی اور انہیں گلے لگایا ۔