یوسف گوڑہ میں دن دھاڑے نوجوان لڑکی کا قتل

نامراد عاشق گرفتار، پولیس کی بروقت کارروائی
حیدرآباد 28 مئی (سیاست نیوز) شہر کے مصروف ترین علاقہ یوسف گوڑہ میں آج دن دہاڑے نوجوان لڑکی کے قتل کی واردات پیش آئی۔ تفصیلات کے بموجب 19 سالہ وینکٹ لکشمی حالیہ دنوں قائم کردہ جیویلری شاپ میں ملازمت کیا کرتی تھی اور اُس کا گزشتہ تین سال سے ساگر نامی نوجوان سے معاشقہ چل رہا تھا۔ لیکن گزشتہ چند دنوں سے وینکٹ لکشمی نے ساگر سے دوری اختیار کرلی تھی اور وہ ساگر سے فون پر ٹھیک سے بات بھی نہیں کررہی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ نوجوان نے وینکٹ لکشمی کو فون کرکے اُس کے رویہ پر سنگین نتائج کا انتباہ دیا تھا۔ لڑکی نے اِس بات کو جیویلری شاپ کے مالک کے علم میں لایا اور کہاکہ وہ غیر محفوظ محسوس کررہی ہے۔ اسی دوران ساگر جیویلری شاپ پہونچ گیا اور اچانک لڑکی پر چاقو سے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں لڑکی نے چیخ و پکار شروع کردی۔ اس واقعہ میں وینکٹ لکشمی شدید زخمی ہوگئی اور اُس کے گلے اور گردن پر گہرے ضربات پہونچے جس کے نتیجہ میں وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور جیویلری شاپ کے قریب بھاری ہجوم جمع ہوگیا۔ اطلاع ملنے کے ساتھ ہی جوبلی ہلز پولیس ٹیم اور سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم موقع واردات پر پہونچ کر وہاں کا معائنہ کیا اور سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ بھی حاصل کرلی۔ قتل کی واردات انجام دینے کے بعد ساگر وہاں سے فرار ہوگیا۔ اُس کی گرفتاری کے لئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں لیکن آج رات موصولہ اطلاعات کے بموجب ٹاسک فورس پولیس نے اُسے حراست میں لے لیا۔