نئی دہلی ۔ 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چمپیئنس لیگ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ میں بہتر مظاہرہ کیلئے عزائم کے ساتھ کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے 4 کھلاڑی بشمول یوسف پٹھان جنوبی افریقہ کے مقام بلوم فونٹین سے ٹریننگ کیمپ کی تکمیل کے بعد وطن واپس ہوئے ہیں۔ یوسف پٹھان کے ہمراہ پیوش چاؤلہ، منوندر بسلا اور کلدیپ یادو نے بلوم فونٹن میں 15 روزہ ٹریننگ کیمپ کی تکمیل کی ہے جس میں سائیکلنگ، دوڑ اور چٹانوں پر چڑھائی بھی شامل ہے۔ اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے جارحانہ بیٹسمین یوسف پٹھان نے کہا ہیکہ یہ کیمپ 20 اگست تا 3 ستمبر کے درمیان منعقد ہوا ہے اور ان کے ٹرینر ایڈریان لی روئکس نے کرکٹ کے بغیر گذارے جانے والے دنوں میں خود کو فٹ رکھنے کیلئے کافی محنت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان 15 دنوں کے دوران ہم سائیکلوں پر طویل سفر اور چٹانوں پر چڑھائی بھی کرنے کے علاوہ جم میں اچھا خاصہ وقت گذارا ہے۔ ٹریننگ کے علاوہ ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ گذارا گیا یہ وقت خود کو فٹ رکھنے کیلئے کی جانے والی محنتوں کے ساتھ تفریحی پروگرام بھی شامل ہوا ہے۔ یوسف پٹھان نے آخری مرتبہ ٹوئنٹی 20 میں ہندوستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف مارچ 2012ء میں نمائندگی کی تھی۔ تاہم آئی پی ایل میں کے کے آر کیلئے گذشتہ سیزن انہوں نے شاندار مظاہرے کئے ہیں جس میں آئی پی ایل کی تیز ترین نصف سنچری بھی شامل ہے جو انہوں نے صرف 15 گیندوں میں اسکور کرنے کے علاوہ شاہ رخ خان کی ٹیم کو دوسری مرتبہ چمپیئن بنوانے میں اہم رول بھی ادا کیا ہے۔