راجکوٹ ۔ 26 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم میں واپسی کے عزائم ظاہر کرتے ہوئے بروڈہ کے کپتان یوسف پٹھان نے آج کہا ہے کہ وہ اپنے مقصد کے حصول کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں۔ یوسف پٹھان نے ہندوستانی ٹیم میں واپسی کے ضمن میں یہاں میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تمام تر توجہ فی الحال بہتر کرکٹ پر مرکوز ہے اور وہ رواں سیزن بہتر مظاہرہ بھی کرچکے ہیں۔ جارحانہ آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ وہ اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ ہندوستانی ٹیم میں واپسی کیلئے انہیں بہتر کرکٹ کھیلنی ہوگی اور وہ بہتر کرکٹ کھیلنے پر اپنی توجہ مرکوز کرچکے ہیں۔ یوسف پٹھان نے مزید کہا کہ اگر میں بہتر کرکٹ کھیلوں تو اس سے راست پیغام ارباب مجاز کو پہنچے گا۔ واضح رہے کہ یوسف پٹھان نے آخری مرتبہ 2012 ء میں پاکستان کے خلاف ونڈے میں ہندوستان کی نمائندگی کی تھی۔ 31 سالہ یوسف پٹھان نے مزید کہا کہ کل وجئے ہزارے ٹرافی کے مقابلہ جو کہ ممبئی کے خلاف یہاں کھیلا جائے گا۔ اس مقابلہ میں بہتر مظاہرہ کے علاوہ اپنے بھائی عرفان پٹھان کے متعلق کہا کہ عرفان پٹھان مکمل فٹ ہوچکے ہیں اور کل مقابلہ میں ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ یوسف پٹھان نے اپنے چھوٹے بھائی عرفان پٹھان کے متعلق کہا ہے کہ وہ نیشنل کرکٹ اکیڈیمی (این سی اے) سے ابھی واپس ہوئے ہیں اور مکمل فٹ ہونے کی وجہ سے وہ کل کے مقابلہ میں بولنگ بھی کریں گے۔
سابق باکسر کا اغواء اور قتل
کراکس ۔ 26 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) سابق عالمی چمپین باکسر انٹونیو کرمینو کا ان کے آبائی شہر وینزویلا میں اغواء اور قتل کیا گیا ہے ۔ پولیس کے بموجب سابق عالمی چمپین اینٹینو کو ان کے آبائی شہر میں اغواء کرنے کے بعد قتل کردیا گیا ہے ۔ مقامی پولیس کے چیف ایلیسیو گزمین نے کہا کہ 1990 ء میں ڈبلیو بی اے سوپر بینڈم ویٹ اور فیدر ویٹ کے چمپین اینٹینو کی نعش گزشتہ روز میرنڈاکی مرکزی ریاست میں لب سڑک دستیاب ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ باکسر اور ان کے دیگر رشتہ داروں کو پیر کی رات اغواء کیا گیا تھا لیکن جب کار میں ایندھن بھراایا جارہا تھا ، اس وقت ان کے رشتہ دار فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے لیکن 44 سالہ باکسر کی موت واقع ہوگئی ہے۔