یوسف پٹھان آئی پی ایل کے ذریعہ ٹیم میں واپسی کے خواہاں

کولکتہ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل کا دسواں ایڈیشن جہاں شائقین کے لئے تفریح کا سامان مہیا کرے گا وہیں کولکتہ نائٹ رائیڈرس کے آل راؤنڈر یوسف پٹھان ٹورنمنٹ کے ذریعہ ہندوستانی ٹیم میں واپسی کے خواہاں ہیں۔ 34 سالہ یوسف پٹھان تقریباً 5 برس سے ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی سے محروم ہیں تاہم وہ آئی پی ایل میں بہتر مظاہرہ کے ذریعہ ٹیم میں واپسی کے خواہاں ہیں تاکہ چمپئنس ٹروفی میں ہندوستان کی نمائندگی کرسکیں۔ اِس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے یوسف پٹھان نے کہاکہ اب تک میں نے جس انداز کی کرکٹ کھیلی ہے میرا واحد مقصد ہندوستان کی دوبارہ نمائندگی کرنا ہے اور آئی پی ایل وہ پلیٹ فارم ہے جہاں میں خود کو پھر ایک مرتبہ ثابت کرسکتا ہوں۔ یہاں فنٹاسٹک اسپورٹس میوزیم میں کے کے آر کی تصویری نمائش کی رونمائی کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے تین مرتبہ کی آئی پی ایل چمپئن کے کے آر کے آل راؤنڈر یوسف پٹھان نے کہاکہ 2007 ء آئی پی ایل میں ٹیم کو چمپئن بنانے میں میں نے اہم رول ادا کیا تھا جس کے بعد ہندوستانی کرئیر کا بھی آغاز ہوا اور اب میں پھر ایک مرتبہ بہتر مظاہرہ کے ذریعہ دوبارہ قومی ٹیم کی نمائندگی کا خواہاں ہوں۔