یوسف پٹھان، سہواگ اوریوراج کی قیمت 2 کروڑ روپئے

ظہیرخان ، ایشانت شرما ، عرفان پٹھان 1.5 کروڑ کے زمرے میں
ایک کروڑ کے اینڈرسن اور ایشس ہیرو جانسن نیلامی میں توجہ کا مرکز
نئی دہلی ۔ 29 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ناقص فام کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم سے باہر رہنے والے اوپنر ویریندر سہواگ اور مڈل آرڈر بیٹسمین یوراج سنگھ انڈین پریمیر لیگ ( آئی پی ایل ) کے 7 ویں سیزن کے لئے 2 کروڑ روپئے کے زمرے میں موجود ہیں جوکہ ٹوئنٹی 20 کرکٹ ٹورنمنٹ کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی کیلئے سب سے اعظم ترین بنیادی قیمت ہے ۔

آئی پی ایل کے ساتویں سیزن کیلئے جملہ 208 کھلاڑی نیلامی کیلئے میدان میں موجود ہیں جن میں 46 کھلاڑیوں کا تعلق ہندوستان سے ہے جبکہ نیلامی کیلئے موجود کھلاڑیوں کی بنیادی قیمت 50 لاکھ ، ایک کروڑ ، 1.5 کروڑ اور 2 کروڑ روپئے رکھی گئی ہے ۔ حالیہ دنوں میں ونڈے کی تیز ترین سنچری اسکور کرنے والے نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر جیمس اینڈریوسن کی بنیادی قیمت 1 کروڑ روپئے رکھی گئی ہے ۔ لیکن توقع ہے کہ کیوی آل راؤنڈر کے حصول کیلئے آسمان کو چھوتی بولی لگائی جائے گی ۔ دریں اثناء آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے خود کو نیلامی سے دستبردار کرلیا ہے لہذا انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کے ہیرو میچل جانسن کی بنیادی قیمت 2 کروڑ روپئے ہے ۔

رواں سیزن ناقص فارم کا شکار سہواگ نے خود کو 2 کروڑ روپئے کے زمرے میں رکھا ہے تو ان کے ہمراہ ٹیم کے 2 سینئر کھلاڑی یوراج سنگھ اور آشیش نہرا نے بھی خود کو 2 کروڑ کا کھلاڑی بنالیا ہے ۔علاوہ ازیں دنیش کارتک جن کے متعلق امید کی جارہی تھی کہ ممبئی انڈینس ان کی خدمات کو برقرار رکھے گا لیکن ایسا نہ ہونے کے بعد انھوں نے بھی خود کو 2 کروڑ روپئے بنیادی قیمت کے زمرے میں رکھا ہے ۔ کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کیلئے 3 سیزن میں ناقص مظاہرہ کرنے والے یوسف پٹھان بھی 2 کروڑ کے زمرے میں موجود ہیں۔ 2 کروڑ کے زمرے میں دیگر ہندوستانی کھلاڑیوں میں سوینگ بولر پروین کمار ، اسپنر پرگیان اوجھا ، ٹسٹ اوپنر مرلی وجئے ، بنگال کے منوج تیواری اور کرناٹک کے رابن اتھپا موجود ہیں۔ سینئر فاسٹ بولر ظہیر خان ، عرفان پٹھان ، ٹسٹ کرکٹ کے ماہر بیٹسمین چٹیشور پجارا ، ایشانت شرما ، بھوبنیشور کمار 1.5 کروڑ کی صف میں موجود ہیں۔ علاوہ ازیں آسٹریلیا کے براڈ ہاگ جوکہ 43 سال کی عمر میں آئی پی ایل کے معمرترین کھلاڑی ہیں انھوں نے خود کو 1.5 کرو ڑ روپئے کے زمرے میں رکھا ہے۔