یوروگوائے اور کوسٹاریکا کی پیش قدمی‘ اٹلی باہر

کیوری ٹیبا۔ 25؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ برازیل میں جاری فٹبال ورلڈ کپ میں گروپ ڈی سے کوسٹاریکا اور یوروگوائے کی ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گئی ہیں جہاں ان کا مقابلہ گروپ سی میں پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں سے ہوگا۔یوروگوائے کے تجربہ کار کپتان گوڈن اپنی ٹیم کیلئے فتح گر ثابت ہوئے۔گروپ ڈی کا اہم ترین میچ نٹال میں اٹلی اور یوروگوائے کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا۔یوروگوائے کو دوسرے راؤنڈ تک رسائی کے لئے یہ میچ لازماً جیتنا تھا اور کپتان ڈیاگو گوڈن نے گول کر کے اپنی ٹیم کوفتح دلوائی۔پہلا ہاف کے آغاز پر دونوں ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل دیکھنے کو ملا لیکن جلد ہی کھیل کا مزاج سست ہوگیا۔بظاہر ایسا لگ رہا تھا کہ دونوں میں سے کوئی بھی ٹیم غلطی کر کے حریف کو برتری لینے کا موقع نہیں دینا چاہتی۔اسی دوران ریفری نے غلط ٹیکل پر اٹلی کے اسٹار فارورڈ بالاٹیلی کو زرد کارڈ دکھا دیا۔ گذشتہ میچ میں بھی زردکارڈ ملنے کی وجہ سے وہ اب اگلے میچ کے لئے معطل ہوگئے ہیں۔سواریز پر ایک بار پھر اطالوی کھلاڑی نے کاٹنے کا الزام لگایا لیکن ریفری نے ان کی بات نہ سنی۔میچ کا پہلا اچھا موقع بالاٹیلی کو ہی ملا تاہم وہ اِموبائل کے پاس پر گیند کو یوروگوائے کے گول میں پہنچانے میں ناکام رہے۔اس کے کچھ ہی دیر بعد یوروگوائے کے سواریز اور پھر لوڈیرو کو گول کرنے کے یکے بعد دیگرے دو مواقع ملے لیکن تجربہ کار اطالوی کیپر بوفون سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے۔اطالوی ٹیم نے پہلے ہاف میں بہترین دفاعی فٹبال کا مظاہرہ کیا اور سواریز اور کاوانی کو کھل کر نہیں کھیلنے دیا۔

دوسرے ہاف میں کھیل میں جہاں تیزی دیکھنے کو ملی وہیں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے جارحانہ عزائم بھی واضح تھے۔اسی جارحانہ کھیل کا نتیجہ اٹلی کے مارکیسیو کو سرخ کارڈ کی شکل میں ملا جب ریفری نے انھیں مخالف کھلاڑی کو دھکا دے کر گرانے پر میدان سے باہر بھیج دیا۔مارکیسیو کو سرخ کارڈ ملنا اٹلی کے لئے تباہ کن ثابت ہوا۔یورگوائے نے میدان میں اٹلی کے دس کھلاڑی رہ جانے کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور اطالوی گول پر لگاتار حملے کئے۔ایسی ہی ایک کوشش کے دوران 81ویں منٹ میں ملنے والے کارنر پر ڈیاگو گوڈن نے ہیڈر کی مدد سے گیند اطالوی گول میں ڈال دی۔بعد ازاںباقی وقت میں اٹلی کی ٹیم نے گول برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ناکام رہی اور لگاتار دوسرے ورلڈ کپ میں ابتدائی راؤنڈ میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔اس فتح کے بعد ناک آؤٹ راؤنڈ میں یوروگوائے کا مقابلہ گروپ سی میں سرفہرست رہنے والی کولمبیا کی ٹیم سے ہوگا۔ورلڈ کپ 2014 کے گروپ ڈی میں انگلینڈ اور کوسٹا ریکا کا آخری میچ برابری پر ختم ہوا اور جہاں انگلینڈ کا اس ورلڈ کپ میں سفر تمام ہوا وہیں اس گروپ میں کمزور ترین ٹیم سمجھی جانے والے کوسٹاریکا نے سرفہرست رہتے ہوئے اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ورلڈ کپ 2014 میں انگلینڈ نے تین میچ کھیلے، دو ہارے، ایک برابر کیا، دو گول کئے اور ایک نشان حاصل کیا۔

اس میچ میں انگلینڈ نے تقریباً پوری نئی ٹیم میدان میں اتاری۔یوروگوائے کے خلاف کھلینے والی انگلش ٹیم میں نو تبدیلیاں کیں گئیں اورگول کیپر جو ہارٹ سمیت تمام پرانے تجربہ کار کھلاڑیوں کو باہر بٹھا کر نئے کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا گیا۔یوروگوائے کے خلاف کے خلاف کھیلنے والی انگلش ٹیم میں کھیلنے والیگیری کے ہل اور ڈینیل سٹریج کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی گول کرنے میں ناکام رہیں۔انگلینڈ کے نوجوان کھلاڑیوں نے کوسٹا ریکا سے قدرے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔نوجوان کھلاڑی راس بارکلے نے اپنی صلاحیتوں کی کچھ جھلک دکھائی لیکن وہ بھی گول کرنے میں ناکام رہے۔ میچ میں ڈینیل اسٹریج کوگول کرنے کے کم از کم تین یقینی موقع ملے لیکن وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔ فل میکنلٹی نے پہلے ہاف کے بارے میں کہااس میچ میں سوائے راس بارکلے کی کچھ پھرتیاں اور ڈینیل اسٹریج کے گول کرنے کی کوششوں کے علاوہ پہلے ہاف کچھ نہیں تھا۔دوسرے ہاف میں انگلش کوچ نے سٹیفن جیراڈ، رحیم سٹرلنگ اور وائن رونی کو میدان میں اتار لیکن وہ بھی گول کرنے میں ناکام رہے۔