باکو۔13 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) آزربائیجان میں ہونے والے یورپی کھیلوں کے موقع پر آسٹریا کی تین خواتین پیراک یورپیئن ا سپورٹس سٹی میں پیش آئے بس حادثے میں زخمی ہو گئیں۔ تینوں خواتین پیراکوں کوا سپورٹس سٹی میں ایک بس نے کچل دیا تھا جس کے بعد وہ شدید زخمی ہوئیں۔زخمی خواتین کھلاڑیوں کو آزربائیجان کے دارلحکومت میں ایک ہسپتال منتقل کیا گیا ‘جہاں انہیں بازو اور ران پر لگنے والے گہرے زخموں کا علان جاری ہے۔ انہیں حالت بہتر ہوتے ہی مزید علاج کے لئے آسٹریا کے دارلحکومت ویانا منتقل کر دیا جائے گا۔ بس کی ٹکر سے تیسری پیراک کے جسم کی متعدد ہڈیاں ٹوٹی ہیں اور ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ آسٹریا کی اولمپیئن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری پیٹر مینل نے کہا کہ ہمیں اس حادثے سے صدمہ پہنچا ہے، ہم نے اس سے بچاؤ کی ہر ممکن کوشش کی تھی۔