لندن، 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی میڈیکل ٹیم نے بخار میں مبتلا ٹیم انڈیا کے سرکردہ کھلاڑی یوراج سنگھ کی حالت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حالت میں سدھار ہورہاہے اور وہ جلد ہی میدان پر واپس آ جائیں گے ۔چیمپئنز ٹرافی کے لیے تجربہ کار کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل آل راؤنڈر یوراج بخار کی وجہ سے کل ٹیم کے ساتھ ٹریننگ سیشن میں بھی نہیں اترے تھے اور اس کے بعد ان کے کھیلنے کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع کی تھیں۔بی سی سی آئی نے اتوار کو جاری اپنی رپورٹ میں کہا کہ یوراج کے بخار میں بہتری ہے ۔ ان کی صحت کی نگرانی کی جا رہی ہے اور ان کی ری کوری تسلی بخش ہے ۔ اگرچہ رپورٹ میں کہا گیا کہ یوراج کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والے پہلے پریکٹس میچ میں نہ اترنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔طبی ٹیم نے امید ظاہر کی ہے کہ یوراج کے بخار میں جس طرح تیزی سے بہتری آ رہی ہے ، وہ جلد ہی میدان پر کھیلتے نظر آئیں گے ۔ قابل ذکر ہے کہ ٹریننگ سیشن میں کپتان وراٹ کوہلی، سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی سمیت دیگر کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا لیکن سکسر کنگ یوراج بیمار ہونے کی وجہ سے اس میں حصہ نہیں لے سکے تھے ۔ ہندوستان کو چیمپئنز ٹرافی میں اپنا پہلا میچ پاکستان کے خلاف چار جون کو کھیلنا ہے ۔