لندن۔ 8 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی بیٹسمین یوراج سنگھ کینسر کی مریضوں کے لئے فنڈ اکٹھا کرنے کیلئے 14 جولائی کو لندن میں ایک خیراتی نیلامی کریں گے ۔ یوراج سنگھ کی جانب سے کی جانے والی یہ خیراتی نیلامی لندن ہیلٹن کے پارک لین میں منعقد ہوگی اور اس تقریب میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان ویراٹ کوہلی ، سابق کپتان سچن تنڈولکر ، راہول ڈراویڈ ، سورو گنگولی اور کیون پیٹرسن شرکت کریں گے ۔نیلامی میں کئی یادگار اشیاء موجود رہیں گی جس میں سچن تنڈولکر کی وہ ٹی شرٹ جو انھوں نے اپنے 200 ویں اور آخری ٹسٹ مقابلے میں پہنی تھی ،
اس کے علاوہ 2011 ء ورلڈ کپ کی فاتح میڈل بھی شامل ہے ۔ علاوہ ازیں یوراج سنگھ کے ساتھ ڈنر کرنے کا اور پریکٹس سیشن میں شرکت کرنے کا موقع بھی دستیاب رہے گا ۔ اس نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم یوراج کینسر چیاریٹی میں دیئے جائیں گے اور یہ نہ صرف کینسر کے مریضوں کی مدد کرے گی بلکہ عوام میں اس مہلک بیماری کے متعلق شعور بیدار کرنے کیلئے مفت مہم اور بڑے اسکرین پر تفصیلات بھی فراہم کرے گی ۔ اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے ہندوستان کے جارحانہ بیٹسمین یوراج سنگھ نے کہا کہ وہ ہمیشہ یقین رکھتے ہیں کہ لڑائی کتنی بھی مشکل کیوں نہ ہو جیتنے کی چاہ ہونی چاہئے ۔