یوراج کو 16 کروڑ روپئے میں دہلی ڈیرڈیولس نے حاصل کیا

بنگلور ۔ 16 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ناقص مظاہروں کی وجہ سے ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی ٹیم میں نظرانداز کردیئے جانے والے آل راونڈر یوراج سنگھ کو آج یہاں آئی پی ایل کیلئے کھلاڑیوں کی بولی میں دہلی ڈیر ڈیولس نے 16 کروڑ روپیوں کے عوض حاصل کیا۔ 33 سالہ یوراج سنگھ جنہیں گذشتہ برس رائل چیلنجرس بنگلور نے 16 کروڑ میں حاصل کیا تھا، اس مرتبہ بھی وہ ٹیمو ںکے درمیان سب سے اہم کھلاڑی ثابت رہے۔ نیز دہلی اور بنگلور کے درمیان یوراج کے حصول کیلئے کروڑہا روپئے کی بولی لگائی جانے کے مناظر عوامی توجہ کا مرکز رہے۔ علاوہ ازیں وکٹ کیپر بیٹسمین دینیش کارتک بھی مہنگے کھلاڑی ثابت ہوئے، جنہیں 10.50 کروڑ روپئے میں پریتی زنٹا کی ٹیم کنگس الیون پنجاب نے حاصل کیا۔ سری لنکا کے کپتان انجیلیو میتھوز کو دہلی نے 7.5 کروڑ، نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹرنٹ بولڈ کو سن رائزس حیدرآباد نے 3.8 کروڑ، آسٹریلیا کے جارحانہ اوپنر آرون فنچ کو ممبئی انڈینس نے 3.20 کروڑ روپیوں میں حاصل کیا۔ یوراج سنگھ کی بنیادی قیمت دو کروڑ روپئے مقرر کی گئی تھی۔ دہلی ڈیر ڈیولس نے ہندوستانی نژاد آسٹریلیائی فاسٹ بولر گریندر سندھو جنہوںنے آسٹریلیا کیلئے صرف دو ونڈے کھیلے ہیں انہیں حیران کن طور پر 1.7 کروڑ روپئے میں حاصل کیا ہے۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ظہیرخان کو دہلی نے 4 کروڑ روپیوں کے ذریعہ اپنی ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔