نئی دہلی۔23مئی (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی آل راؤنڈر یوراج سنگھ کو کھیل سے علیحدگی کے مشورے ملنے لگے کیونکہ ماہرین اور مداحوں کا بھی یہی خیال ہے کہ اب انہیں کرکٹ چھوڑ دینا چاہئے۔ ایک حالیہ بیان میں یوراج سنگھ نے خود بھی یہی کہا کہ انہیں کرکٹ کھیلتے ہوئے سترہ سے اٹھارہ سال ہو چکے ہیں لہٰذا وہ 2019ء کے بعد کیریئر کا فیصلہ کر لیں گے کیونکہ ان میں اب ایک سال کی کرکٹ باقی رہ گئی ہے۔رواں سال آئی پی ایل میں یوراج سنگھ چھ اننگز میں 65 رنز بنا سکے اور انہیں کوئی وکٹ بھی نہیں مل سکی۔یادر ہے کہ ورلڈکپ 2011 میں ہندوستانی ٹیم کو چمپیئن بنانے والے یوراج سنگھ کا وقت گزشتہ چند برسوں سے ٹھیک نہیں چل رہا ہے اور یکے بعد دیگرے ناقص مظاہروں نے انہیں آخری مرحلے میں داخل کردیا ہے۔