یوراج سنگھ ونڈے ٹیم سے خارج ، ایشور پانڈے نیا چہرہ

نئی دہلی ۔ 31 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے خلاف ماہ فبروری میں کھیلی جانے والی ونڈے اور ٹسٹ سیریز کیلئے ہندوستانی ونڈے اور ٹسٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں مدھیہ پردیش کے دراز قد فاسٹ بولر ایشور پانڈے کو شامل کیا گیا ہے جوکہ کرناٹک کے آل راؤنڈر اسٹورٹ بنی اور جھارکھنڈ کے ورون ارون کے ساتھ ونڈے ٹیم میں بھی شامل ہیں۔ معلنہ ٹیم میں سینئر بائیں ہاتھ کے بیٹسمین یوراج سنگھ کو ونڈے ٹیم سے خارج کردیا گیا ہے جبکہ ٹسٹ ٹیم سے پرگیان اوجھا کا اخراج عمل میں آیا جبکہ بیرونی دوروں پر انتہائی ناکام رہنے والے اسپنر روی چندرن اشون کو ٹسٹ ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے ۔ حالانکہ دورۂ جنوبی افریقہ پر خصوصاً جوہانسبرگ میں منعقدہ پہلے ٹسٹ میں روی چندرن اشون انتہائی ناکام رہے تھے

جس کے بعد ڈربن میں منعقدہ دوسرے ٹسٹ میں ان کے مقام پر رویندر جڈیجہ کو قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا تھا۔ رانجی سیزن 2012-13 میں ایشور سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بنے جیسا کہ انھوں نے 21.06 کی اوسط سے 48 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ رواں سیزن بھی وہ اپنے بہترین مظاہرے کے سلسلے کو برقرار رکھا ہے ۔ جیسا کہ رواں سیزن وہ 24.76 کی اوسط سے 30 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جس میں ریلویز کے خلاف اندور میں منعقدہ مقابلے میں 84 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا مظاہرہ بھی شامل ہے۔ ایشور کی بولنگ تیز نہیں تاہم وہ 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کو اچھالنے میں کافی کامیاب ہوتے ہیں جس کی اصل وجہ ان کا لمبا قد ہے۔ کیونکہ وہ اپنی اونچائی کی بدولت گڈ لینتھ پر بھی گرنے والی گیند کو اُچھالتے ہیں۔ اسٹورٹ بنی میڈیم فاسٹ بولر ہونے کے علاوہ مڈل آرڈر میں تیزی کے ساتھ رنز بھی بناسکتے ہیں۔ جیسا کہ انھوں نے رواں رانجی سیزن میں کرناٹک کے لئے بیٹنگ کاتعاون بھی دیا ہے ۔

2013 کے اوائل انھیں ہندوستانی اے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جس نے جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا ۔ بنی کے انتخاب کا ایک اہم مقصد انھیں ٹیم میں بحیثیت فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر شامل کرنا ہے جوکہ نیوزی لینڈ کی وکٹوں کی مناسبت سے ٹیم کو مستحکم کرسکتے ہیں۔ اسٹورٹ بنی کو پہلی مرتبہ ہندوستان کی سینئر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اسٹورٹ بنی 1983میں ہندوستان کو عالمی چمپین بنانے والی ٹیم میں شامل رہنے والے راجر بنی کے بیٹے ہیں۔ اب جبکہ راجر بنی قومی سلیکٹروں کے رکن بھی ہیں ۔ علاوہ ازیں ورون ارون نے 2011 ء میں آخری مرتبہ ہندوستان کے لئے چار ونڈے کھیلے تھے ۔ علاوہ ازیں ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی گھریلو سیریز میں ان کے مظاہرے متاثر کن رہے جوکہ مسلسل 140 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرتے ہیں لیکن زخموں کی وجہ سے وہ 2011-12 دورۂ آسٹریلیا پر ٹیم کی نمائندگی سے محروم رہے تھے ۔ دورۂ نیوزی لینڈ کیلئے معلنہ ونڈے ٹیم سے یوراج سنگھ کا اخراج عمل میں آیا جوکہ متوقع فیصلہ رہا ، کیونکہ اکٹوبر میں آسٹریلیا کے خلاف منعقدہ ہوم سیریز کی چار اننگز میں وہ صرف 19 رنز اسکور کر پائے تھے ۔

آسٹریلیائی فاسٹ بولر میچل جانسن نے یوراج کو کافی پریشان کیا ۔ بعد ازاں وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی بہتر مظاہرہ نہیں کرپائے نیز دورۂ جنوبی افریقہ پر بھی وہ فاسٹ بولنگ کے خلاف بہتر مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے لہذا نیوزی لینڈ کی اُچھال لیتی وکٹوں کے برتاؤ کے پیش نظر سلیکٹروں نے انھیں ٹیم میں شامل نہیں کیا۔ ونڈے ٹیم سے ہریانہ کے فاسٹ بولر موہت شرما کا بھی اخراج عمل میں آیا جو دورۂ جنوبی افریقہ پر کافی مہنگے ثابت ہوئے تھے ۔ پرگیان اوجھا سلیکٹروں کی ناانصافی کا شکار رہے حالانکہ 2013 ء میں ان کا ٹسٹ ریکارڈ بہتر رہا ، جیسا کہ انھوں نے 8 اننگز میں 23.11 کی اوسط سے 18 وکٹیں حاصل کی۔ روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ کی موجودگی میں اوجھا کو نیوزی لینڈ کے حالات کی مناسبت سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز کیلئے ہندوستانی ٹیم میں ظہیر خان ، ایشانت شرما ، اومیش یادو ، محمد سمیع اور ایشور پانڈے کے ساتھ فاسٹ بولنگ کو مستحکم کیا گیا ہے جبکہ بھونیشور کمار کو بحیثیت سوئنگ بولر منتخب کیا گیا ہے ۔ اسپین شعبہ میں رویندر جڈیجہ اور روی چندرن اشون موجود ہیں ۔ جنوبی افریقہ کے خلاف بیٹنگ شعبہ کی ناکامی کے باوجود اس میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جیسا کہ شیکھر دھون ، روہت شرما ، سریش رائنا ونڈے ٹیم میں موجود ہیں ۔ اسی طرح ٹسٹ سیریز میں اننگز کا آغاز شیکھر دھون اور مرلی وجئے کریں گے ۔ طویل دورہ کے پیش نظر وردھمان سہا کو ٹسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔

ٹسٹ ٹیم :
مہیندر سنگھ دھونی (کپتان ) ، شیکھر دھون ، مرلی وجئے ، چتیشور پجارا ، ویراٹ کوہلی ، روہت شرما ، اجنکیا رہانے ، رویندر جڈیجہ ، ظہیرخان ، محمد سمیع ، ایشانت شرما ، امباٹی رائیڈو ، بھونیشور کمار ، روی چندرن اشون ، اومیش یادو ، وردھمان ساہا اور ایشور پانڈے
ونڈے ٹیم :
مہیندر سنگھ دھونی (کپتان ) ، شیکھر دھون ، روہت شرما ، ویراٹ کوہلی ، اجنکیا رہانے ، امباٹی رائیڈو ، سریش رائنا ، رویندر جڈیجہ ، روی چندرن اشون ، بھونیشور کمار ، محمد سمیع ، ایشانت شرما ، امیت مشرا ، ایشور پانڈے ، اسٹورٹ بنی اور ورون ارون ۔