یوراج اور ظہیر پر دہلی کا انحصار ،طاقتور چینائی سے آج مقابلہ

چینائی ۔ 8 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمیر لیگ ( آئی پی ایل ) کے تمام سیزنس کی سب سے زیادہ پراستقلال ٹیم چینائی سوپر کنگس ( سی ایس کے ) چاہے گی کہ میدان سے باہر کے اپنے مسائل کو پس پشت ڈالتے ہوئے وہی کرگذریں جس میں وہ بہترین ہے جب اُن کا مقابلہ گزشتہ ایڈیشن کی سب سے نچلے درجہ کی ٹیم دہلی ڈیرڈیولس سے جمعرات کو یہاں اپنے اوپننگ میچ میں ہوگا۔ سی ایس کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سے بری طرح متاثر ہوئی جس میں اُن کے ٹیم پرنسپل گروناتھ میئپن کی سپریم کورٹ کی زیرنگرانی تحقیقاتی کمیٹی نے گزشتہ سال سرزنش کی ہے ۔

لیکن یہ ٹیم جس نے گزشتہ سات انڈین پریمیر لیگ سیزنس میں سے ہر ایک میں آخری چار تک رسائی حاصل کی ، جن میں چار بار لگاتار فائنل میں شرکت اور دو مرتبہ خطابات کا حصول شامل ہے ، پھر بھی سکینڈ کوالیفائر تک پہونچانے میں کامیاب ہوگئی ۔ یہ ایڈیشن بھی کچھ مختلف ہونے کی توقع نہیں ہے کیونکہ وہ ایم ایس دھونی کی قیادت میں شروعات کررہے ہیں اور پھر ایک بار اسٹیفن فلیمنگ کوچ رہیں گے ۔ اُن کی طاقت اس قدر غالب رہی ہے کہ ٹائیٹل کے بغیر تین سال کو خراب مظاہرہ سمجھا جارہا ہے

اور وہ یقینا اپنے ناقدین کا منہ بند کرنے کی کوشش کریں گے ۔ انھوں نے اپنی ٹیم کی بنیادی حصہ کو برقرار رکھتے ہوئے عرفان پٹھان ، مائیکل ہسی ، کائیل ایبٹ اور روہت شرما پر سرمایہ لگایا ہے ۔ دوسری طرف ڈیر ڈیولس پھر ایک بار اپنی ٹیم میں مکمل تبدیلی کے ساتھ آگے آئے ہیں لیکن اس بار نامی گرامی آئی پی ایل آکشن کے دوران وہ چند بڑے ناموں کو اپنی صفوں میں شامل کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔ ٹیم انڈیا سے خارج یوراج سنگھ (33 سال ) پر بھرپور یقین کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہلی کی ٹیم نے انھیں 16 کروڑ روپئے کی ریکارڈ بولی پر اپنی صفوں میں شامل کرلیا ہے جبکہ اُن کیلئے چار فرنچائزیز کے مابین کافی کشاکش رہی ۔

یہ ٹیم جو گزشتہ دو سیزن ٹیموں کی درجہ بندی میں نچلے مقام پر رہی ، اس بار یوراج کی آل راؤنڈ صلاحیتوں پر بھروسہ کرنا چاہے گی ۔ یوراج کے علاوہ دہلی والوں نے 36سالہ فاسٹ بولر ظہیرخان کو بھی اپنی صف میں شامل کرلیا ہے ، جو ایک آخری مرتبہ انڈین نیشنل ٹیم میں واپسی کیلئے دہلی ڈیر ڈیولس کی راہ گذر کو استعمال کرنا چاہیں گے ۔ جے پی ڈومنی کی قیادت میں دہلی کی ٹیم 2015ء کے سیزن میں اپنی قسمت بدلنے کی بھرپور کوشش کرے گی ۔ وکٹ کیپر بیٹسمین جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈیکاک اور میانک اگروال اچھی اوپننگ جوڑی قرار پاتے ہیں جس کے بعد ڈومنی ، یوراج ، کیدار جادھو ، البی مورکل مڈل آرڈر میں ہوں گے ۔