یوتھ کانگریس ورکرس کا احتجاج

بنگلورو، 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے دو روزہ قومی عاملہ اجلاس کی آج یہاں شروعات کے موقع پر یوتھ کانگریس نے صدر کرناٹک یونٹ رضوان ارشد کی قیادت میں احتجاج منظم کیا۔ احتجاجیوں نے وزیراعظم نریندر مودی کو کالے دھن کو وطن واپس لانے سے متعلق اُن کے انتخابی وعدہ کے بارے میں یاددہانی کرانے کی کوشش کی۔

شیو سینا، ایم آئی ایم پر الزام آرائی
ممبئی ، 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریس لیڈر نارائن رانے نے شیو سینا اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کو آج یہاں مورد الزام ٹھہرایا کہ وہ سکیولر ووٹوں کی تقسیم کیلئے فرقہ پرستانہ سیاست چلا رہے ہیں۔ باندرہ ایسٹ اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کیلئے جو 11 اپریل کو مقرر ہے، انتخابی مہم کے تحت جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نارائن نے جنھیں شیوسینا اور ایم آئی ایم سے مقابلہ درپیش ہے، کہا کہ گزشتہ 22 سال کے دوران شیوسینا۔ بی جے پی نے کبھی عوام کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کئے ہیں۔