یوتھ کانگریس لیڈر کارتیک ریڈی کا سیاسی مستقبل تابناک

چیوڑلہ /10 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ نوا نرمانہ یاترا کے تحت سابق وزیر داخلہ پی سبیتا اندرا ریڈی کے فرزند پی کارتک ریڈی جو یوتھ کانگریس کے قائد بھی ہیں نے ضلع رنگاریڈی کے مختلف علاقہ جات میں 8 جنوری سے پد یاترا کا آغاز کیا ۔ اس سلسلہ میں آرے میسما ( کالی مندر ) کے احاطہ میں واقع ایک وسیع میدان میں جلسہ منعقد ہوا ۔ جس میں وزیر پنچایت راج جاناریڈی سابق وزیر داخلہ پی سبیتا اندرا ریڈی اور ضلع رنگاریڈی سینئر قائدین نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر جاناریڈی نے کارتک ریڈی کو آشیرواد دیتے ہوئے ان کے سیاسی مستقبل کے بارے میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ صدر کانگریس پارٹی تلنگانہ کے عوام کے جذبات کا خیال کرتے ہوئے تشکیل تلنگانہ کیلئے اپنے کئے گئے وعدہ پر کھری ثابت ہوئیں ۔ جاناریڈی نے کہا کہ سونیا گاندھی تلنگانہ کی عوام کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے تشکیل تلنگانہ کیلئے بہت ہی سوچ بچار سے کام لیا اور سوچ بچار سے کام لیتے ہوئے تلنگانہ کے عوام کی دیرینہ خواب کی تکمیل کی ۔ جس پر یہاں کی عوام ان کے فیصلے سے مطمین ہوئی ۔

وزیر جاناریڈی نے کہا کہ کارتک ریڈی جو ایک جواں سال سیاسی قائد ہیں نے اپنی پد یاترا کا آغاز کرتے ہوئے عوام کو سونیا گاندھی کے فیصلہ سے واقف کروائیں گے تاکہ عوام کو مکمل آگہی ہوسکے ۔ جاناریڈی نے کہا کہ کارتک ریڈی کی 100 کیلومیٹر کی پد یاترا عوام کو یقین دہانی کرائے گی کہ کانگریس پارٹی عوام سے کئے گئے وعدہ پر کاربند رہتی ہے ۔ سابق وزیر داخلہ پی سبیتا اندرا ریڈی نے صدر سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کیا کہ انہوں نے تشکیل تلنگانہ میں فیصلہ سناتے ہوئے عوام کا مکمل خیال کیا ۔ اس موقع پر سبیتا ریڈی نے کہا کہ یادی ریڈی جن کا تعلق ضلع رنگاریڈی سے ہے ۔ جنہوں نے تلنگانہ کیلئے اپنی جان کی قربانی دیتے ہوئے سونیا گاندھی کو اس جانب راغب کیا ۔ اپنی پدیاترا کے آغاز سے قبل کارتک ریڈی نے مرحوم والد پی اندرا ریڈی ( سابق وزیر داخلہ ) کی سمادھی پر پھول مالائیں پیش کرتے ہوئے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ کارتک ریڈی کی پدیاترا کا آغاز آرے میسما ( کالی مندر ) سے ہوا ۔ پد یاترا معین آباد ، چیوڑلہ ، وقارآباد اور دھارور سے ہوتے ہوئے تانڈور میں اختتام کو پہونچے گی ۔ پد یاترا میں عوام کی کثیر تعداد نے حصہ لیا ۔