نئی دہلی، 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندستان کی جونیئر مرد اور خاتون ہاکی ٹیمیں 25 اپریل سے تھائی لینڈ کے بینکاک میں ہونے والے یوتھ اولمپک کوالیفائنگ میں حصہ لینے کے لیے پیر کی صبح روانہ ہو گئیں۔یوتھ اولمپک 2018 کا انعقاد ارجنٹائن کے بیونس آئرس میں ہونا ہے اور یہ پانچ روزہ ہاکی ٹورنامنٹ ان کھیلوں کے لیے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ ہے ۔یہ ٹورنامنٹ فائیو اے سائیڈ شکل میں کھیلا جائے گا۔ہندستان کی نو رکنی جونیئر مرد ٹیم کی قیادت وویک ساگر پرساد کر رہے ہیں جو گولڈ کوسٹ دولت مشترکہ کھیلوں کی ٹیم کا حصہ تھے ۔ ہندستان کے پول اے میں کوریا، جاپان، چین اور تھائی لینڈ ہیں۔ ہندستان اپنی مہم 25 اپریل کو تھائی لینڈ کے خلاف میچ سے شروع کرے گا۔جونیئر خواتین ٹیم کی کپتانی سلیمہ ٹے ٹے کے پاس ہے ۔سلیمہ ٹے ٹے بھی اس ٹیم کا حصہ تھیں جو دولت مشترکہ کھیلوں کے سیمی فائنل میں پہنچی تھی۔ہندستانی خاتون ٹیم کے گروپ میں کوریا، تھائی لینڈ اور سنگاپور ہے ۔ہندوستانی ٹیم اپنی مہم 25 اپریل کو سنگاپور کے خلاف میچ سے شروع کرے گی۔مرد ٹیم کے کوچ جوڈ فیلکس اور خاتون ٹیم کے کوچ بلجیت سنگھ سینی نے ٹورنمنٹ میں اچھی کارکردگی کے اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔